رسائی کے لنکس

ایک بار پھر کراچی جانا چاہتا ہوں، رنویر سنگھ


رنویر سنگھ کےبقول کراچی سے انہیں خصوصی لگاوٴ ہے کیونکہ یہ ان کے دادا، دادادی کا شہر ہے۔

بالی وڈ کے ہارٹ تھروب رنویر سنگھ بھی ’کراچی والے‘ نکلے۔ کہتے ہیں زمانہ طالب علمی میں ایک بارکراچی گیا تھا، دوسری بار جانے کی خواہش ہے۔ کچھ رشتے دار اب بھی کراچی میں ہی رہتے ہیں۔

آئی ایم جی سی کے زیراہتمام اپنی آنے والی فلم ”باجی راو ٴمستانی “ کی پروموشن کے سلسلے میں لاہور میں پاکستانی میڈیا سے بذریعہ ویڈیو لنک گفتگو میں بالی وڈ میگا اسٹار نے ماضی میں کیے گئے دورہ پاکستان کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے بتایا، ”کراچی سے مجھے خصوصی لگاوٴ ہے کیونکہ یہ میرے دادا، دادادی کا شہر ہے۔جب میں اسٹوڈنٹ تھا تو کراچی گیا تھا۔ سنا ہے کراچی بہت بدل گیا ہے۔“

رنو یرسنگھ کا کہنا تھا، ”میرے بہت سے دوست راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی رہتے ہیں جو مجھے پاکستان کے بارے میں بتاتے رہتے ہیں۔ علی ظفر بہت اچھا دوست ہے جو مختلف موقعوں پرلاہورآنے کی دعوت دیتا رہتا ہے اور اپنے پیارے سے گھرکی تصویریں بھی بھیجتا ہے۔“

رنویرسنگھ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ”ابھی میری مصروفیات بہت زیادہ ہیں لیکن میرا اپنے پاکستانی فینز سے وعدہ ہے کہ جیسے ہی فرصت ملی وہ مجھے اپنے ملک کی سڑکوں پرگھومتا پھرتا دیکھیں۔“

فلم ”باجی راوٴ مستانی“ میں رنویر سنگھ کے ساتھ دپیکا پڈکون اور پریانکا چوپڑہ نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔ فلم کے بارے میں رنویر نے کہا ”یہ میرے کیریئر کا یادگار رول ہے اور یقیناً لوگ بھی میرے اس کردار کو کافی عرصے یاد رکھیں گے۔ فلم میکر سنجے لیلی بھنسالی سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔ میں نے اپنی کیریئر کی شروعات میں ”فلم فیئر ایوارڈ“ جیتا تھا اور مجھے پوری امید ہے کہ اس سال بھی ”فلم فیئرایوارڈ“ مجھے ہی ملے گا۔“

اخبار 'ایکسپریس ٹریبون' کے مطابق اس موقع پر دپیکا پڈکون نے بھی مختصر بات کرتے ہوئے ’بالی وڈ کی مہا لکشمی‘ قرار دینے پر پاکستانی میڈیا کا شکریہ ادا کیا۔

XS
SM
MD
LG