حکام کا کہنا ہے کہ بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے وسطی علاقے تیج گاؤں میں ایک چار منزلہ عمارت منہدم ہونے سے کم از کم 14 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں ۔
منگل کی رات پیش آئے اس واقع میں عمارت کا ملبہ مزدوروں کی ایک کچی بستی پر گرا جس سے حکام کے بقول متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔حکام نے ہلاک شدگان کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے ۔
حادثے کی وجوہات کی فوری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے لیکن حکام کا کہنا ہے کہ عمارت جس جگہ بنائی گئی تھی وہاں پہلے ایک آبی گزرگاہ تھی اور آج کل عمارت کی توسیع کا کا م جاری تھا۔
دریں اثنا اطلاعات کے مطابق جنوب مشرقی بنگلادیش میں بدھ کے روز ٹریفک کے ایک حادثے میں کم از کم 14 افراد ہلاک اور 50 کے قریب زخمی ہو گئے ہیں۔
بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکہ سے 136 کلومیٹر جنوب میں واقع علاقے بگرہاٹ میں پیش آنے والے حادثے میں ایک مسافر بس مخالف سمت سے آنے والے آموں سے لدے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
واضح رہے کہ بنگلادیش میں ہر سال اوسطاً 4,000 افراد ٹریفک حادثات کے نتیجے میں ہلاک ہو تے ہیں۔