بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں مذہبی انتہا پسندی کے خلاف لکھنے والے ایک بنگلہ دیشی نژاد امریکی بلاگر کو قتل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق اویجیت رائے اور ان کی اہلیہ رفید احمد پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ ڈھاکہ یونیورسٹی میں منعقد ہونے والے ایک کتاب میلے میں شرکت کے بعد رات گئے واپس گھر جا رہے تھے۔ رفید احمد اس حملے میں شدید زخمی ہو گئی ہیں۔
بنگلہ دیش ڈیلی اسٹار اخبار کے مطابق حملے کے وقت کئی عینی شاہد بھی وہاں موجود تھے تاہم ان میں سے کسی نے بھی آگے بڑھ کر ان کی مدد نہیں کی اور نا ہی حملہ آوروں کا پیچھا کیا۔
اویجیت رائے کے بھائی نے کہا کہ ان کے بڑے بھائی بنگلہ دیش میں ہی پیدا ہوئے تھے اور وہ اس ماہ کے اوائل میں ملک واپس آئے تھے جب کہ انہوں نے آئندہ ماہ امریکہ واپس چلے جانا تھا۔
تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ اس حملے کی کسی نے بھی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم خیال کیا جاتا ہے کہ مذہبی انتہا پسند ان حملوں میں ملوث ہیں۔