پاکستان اور بیلاروس کا اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور بیلاروس کے وزرائے اعظم

دونوں ملکوں کے درمیان 17 سمجھوتوں، مفاہمت کی یادداشتوں اور مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے جن میں صحت، زراعت، تعلیم، تجارت، معیشت اور سائنس کے شعبے بھی شامل ہیں۔

پاکستان اور مشرقی یورپ کے ملک بیلاروس نے باہمی اقتصادی تعاون کے لائحہ عمل پر دستخط کیے ہیں اور دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔

بیلاروس کے وزیراعظم آندرے کوبیاکوف پیر کی شب پاکستان کے تین روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے جہاں منگل کو انھوں نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔

بعد ازاں دونوں رہنماؤں نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں ایک دوسرے کے ملکوں کے ساتھ تعلقات کی اہمیت کے پیش نظر اپنے نقطہ نظر سے صحافیوں کو آگاہ کیا۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ تجارت، معیشت، دفاع اور ثقافت سمیت تمام شعبوں میں قریبی تعلقات مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

"ہم نے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا، میں پوری طرح سے پراعتماد ہوں کہ آج اٹھائے جانے والے اقدام ہمارے موجودہ تعلقات کو مزید مضبوط کریں گے اور انھیں مزید بلندیوں تک لے جائیں گے۔"

دونوں ملکوں کے درمیان 17 سمجھوتوں، مفاہمت کی یادداشتوں اور مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے جن میں صحت، زراعت، تعلیم، تجارت، معیشت اور سائنس کے شعبے بھی شامل ہیں۔

میزبان وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت معیشت کی بحالی، توانائی کی کمی پر قابو پانے اور دہشت گردی کے خاتمے پر توجہ دے رہی۔ انھوں نے کہا کہ بیلاروس کی تاجر برداری کو پاکستان کی کاروبار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے یہاں سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔

مہمان وزیراعظم آندرے کوبیاکوف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ بیلاروس، پاکستان کے ساتھ زرعی شعبے، بنیادی ڈھانچے اور معدنیات کے شعبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دے گا۔

ان کے بقول زراعت اور خوراک کے شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کیے جائیں گے جب کہ بیلاروس گیس اور تیل کی تلاش کے لیے پاکستان کو ماہرین بھی فراہم کرے گا۔

بیلاروس نے گزشتہ سال ہی اسلام آباد میں اپنا سفارتخانہ قائم کیا تھا جس کے بعد دونوں ملکوں کے مابین تعاون میں پیش رفت دیکھی گئی ہے۔

رواں سال ہی مئی میں بیلاروس کے صدر ایلگزانڈر لوکا شینکو نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جب کہ اس سے چند دن قبل پاکستان کے سرمایہ کاری بورڈ کے منعقد کردہ پاک بیلاروس بزنس فورم اجلاس میں دونوں ملکوں کی اہم کاروباری شخصیات نے چار کروڑ 20 لاکھ ڈالر سے زائد کے 12 معاہدوں پر دستخط کیے تھے۔

بیلاروس نسبتاً ایک نیا ملک ہے جو سویت یونین کے خاتمے کے بعد 1991ء میں معرض وجود میں آیا تھا۔