بیلجیئم کے ایک گودام سے 30 چوروں نے مشہور انرجی ڈرنک ’ ریڈ بل‘کے 300 سے زیادہ بلاک چرا لیے جن کی مالیت کا اندازہ تقریباً 10 لاکھ یورو لگایا گیا ہے۔
پولیس نے چوری کی اس بڑی کارروائی پر کہا ہے کہ یہ چوری کی انتہائی ماہرانہ واردات تھی۔
ریڈ بل یورپ کا مشہور انرجی ڈرنک ہے جو نوجوانوں اور کھلاڑیوں میں بطور خاص مقبول ہے۔ وہ اپنی توانائی کی سطح برقرار رکھنے کے لیے یہ ڈرنک استعمال کرتے ہیں
ریڈ بل کا سلوگن ہے کہ یہ ڈرنک آپ کو پر لگا دیتا ہے اور پھر آپ اڑنے لگتے ہیں۔ جس انداز میں بڑی مقدار میں ریڈ بل کی بوتلیں چرائی گئی ہیں اس سے تو یہ اندازہ ہوتا ہے کہ واقعی چوروں کو بھی پر لگ گئے تھے، ورنہ انرجی ڈرنک کی 9 لاکھ 50 ہزار بوتلیں ایک ساتھ چرانا کوئی آسان کام نہیں ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انرجی ڈرنکس کو فرانس کی سرحد کے قریب منین کے صنعتی علاقے کے ایک گودام سے رات کی تاریکی میں چرایا گیا۔
رپورٹس کے مطابق 30 چوروں کی ٹیم نے یہ واردات تقربیاً 12 گھنٹوں میں مکمل کی اور ایک اندازے کے مطابق انرجی ڈرنک کی تمام بوتلیں کسی دوسرے مقام پر منتقل کرنے کے لیے 11 ٹرک استعمال ہوئے یا اگر ٹرکوں کی تعداد کم تھی تو انہیں کئی چکر لگانے پڑے۔
یہ صنعتی علاقہ بیلجیئم کے شہر گینٹ اور شمالی فرانس کے قصبے لیل کو ملانے والی موٹر وے پر واقع ہے۔
پولیس کے ذرائع نے خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ چوروں کی تلاش کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج استعمال کی جا رہی ہے اور اس امکان کو خارج نہیں کیا جا سکتا کہ انہیں اندر سے بھی مدد حاصل تھی۔
ریڈ بل انرجی ڈرنک پہلی بار 1980 کے عشرے میں متعارف کرایا گیا تھا اور اس کے اہم اسپانسر ز میں موٹرریس سپورٹس گروپ بھی شامل ہیں۔