بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن اسمبلی نند کشور گجر نے مطالبہ کیا ہے کہ بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کے ریئلٹی شو 'بگ باس 13' پر پابندی لگائی جائے۔
بھارتی ٹی وی چینل 'انڈیا ٹو ڈے' کے مطابق غازی آباد سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی نند کشور گجر نے وزیر اطلاعات پرکاش جاویدکر کو لکھے گئے خط میں الزام لگایا ہے کہ شو فحاشی اور بے حیائی کو فروغ دے رہا ہے جو کہ ناظرین کے لیے مناسب نہیں ہے۔
بھارتی وزیر اطلاعات کو لکھے گئے خط میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ شو بھارتی ثقافتی اقدار کے خلاف ہے۔ جس میں انتہائی قابل اعتراض مناظر نشر کیے جاتے ہیں۔
خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ ایک طرف بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی بھارت کو اپنی کھوئی ہوئی شناخت واپس دلوانا چاہتے ہیں اور دوسری طرف اس طرح کے شو بھارتی ثقافت کو پامال کر رہے ہیں۔
رکن اسمبلی نند کشور کے لکھے گئے خط میں ٹی وی پر نشر کیے جانے والے پروگرامات کو سینسر کیے جانے کا نظام بنانے کا بھی مطالبہ کیا گیا تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کو روکا جا سکے۔
نند کشور گجر کا مزید کہنا ہے کہ بچے اور نابالغ افراد ٹی وی دیکھتے ہیں اور ایسے شوز انٹرنیٹ پر بھی دستیاب ہیں۔
بھارتی نشریاتی ادارے 'نیوز-18' کی ایک رپورٹ کے مطابق ہندو انتہا پسند گروہ 'براہمین محاسبہ' نے بھی بگ باس پر فوری طور پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس ضمن میں محاسبہ کی طرف سے غازی آباد مجسٹریٹ کے پاس ایک درخواست بھی جمع کروائی کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں 'اتر پردیش نیو نرمن سینا' کے صدر امیت جانی نے اعلان کیا ہے کہ جب تک بگ باس پر پابندی عائد نہیں کی جاتی وہ اناج کا ایک دانا تک نہیں کھائیں گے۔
یاد رہے کہ بھارتی ٹی وی شو بگ باس، جس کی میزبانی بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کرتے ہیں۔ ناظرین میں انتہائی مقبول ہے اور اس کا 13واں سیزن 29 ستمبر سے شروع ہوا ہے۔