امریکہ بھر میں شہری آزادی کے علمبردار آنجہانی راہنما مارٹن لوتھر کنگ جونیئر کا یوم پیدائش منایا جا رہا ہے۔
مارٹن لوتھر کو 1964ء میں نوبل امن انعام دیا گیا اور اسی سال صدر لنڈن جانسن نے تاریخی شہری آزادیوں کے ایک بل پر دستخط کیے۔
مارٹن لوتھرکنگ نے 1963ء میں واشنگٹن کی طرف مارچ کرنے کے دوران اپنی تقریر میرا ایک خواب ہے سے لاکھوں افراد کو متاثر کیا۔
کنگ کو 4 اپریل 1968ء میں امریکی ریاست ٹینیسے کے شہر میمفس میں قتل کر دیا گیا تھا۔
مارٹن لوتھر کنگ جونیئر 1950ء اور 1960ء کی دہائی میں شہری آزادی کی تحریکوں کی مرکزی شخصیت بنے۔
مارٹن لوتھر کنگ کے یوم پیدائش کے موقع پر امریکہ بھر میں عام تعطیل ہے۔
کانگریس نے 1994ء میں اس دن کو خدمات کا قومی دن قرار دیا تھا جس کا مقصد اس روز عام فلاحی منصوبوں میں امریکیوں کی شرکت کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔
کنگ جونیئر 1955ء میں ایک انقلابی راہنما کی حیثیت سے ابھرے تھے جب انہوں نے بسوں میں سیاہ فاموں کے ساتھ روا رکھے جانے والے امتیازی سلوک کے خلاف ریاست الباما کے شہر منٹگمری میں ایک جلوس نکالا تھا۔