بلوچستان کے شہر نصیرآباد کی ایک امام بارگاہ میں مبینہ بم دھماکے سے کم از کم 10 افراد کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
مقامی ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ دھماکہ نصیرآباد میں ’ ڈھاڈر کی چھلگری‘ کے نام سے مشہور امام بارگاہ میں جمعرات کی شام ہوا۔
بلوچستان کے صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سانحے میں کم از کم 10 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔
دھماکے کے فوری بعد ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ واقعے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔
دھماکے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ، پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور کسی کو بھی وہاں تک جانے کی اجازت نہیں دی جارہی۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق دھماکہ امام بارگاہ کے دروازے پر وہاں منعقد ہونے والی مجلس سے کچھ دیر قبل ہوا۔
پولیس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ دھماکہ خودکش حملے کا نتیجہ ہوسکتا ہے لیکن اس بارے میں کوئی حتمی بیان ابتدائی تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی دیا جاسکے گا۔