’یہ جوانی ہے دیوانی‘ نے 11 ٹاپ کلاس فلموں کا ریکارڈ توڑ دیا

اب تک 136کروڑ روپے کمانے والی ’یہ جوانی ہے دیوانی‘، ’تھری ایڈیٹس‘، ’ایک تھا ٹائیگر‘، ’دبنگ 2‘، ’باڈی گارڈ‘ اور ’دبنگ‘ کے بعد سب سے زیادہ پیسہ کمانے والی فلم بن گئی ہے
سال 2013ءکی شروعات سے ہی جس فلم کا بالی وڈ میں سب سے زیادہ چرچا رہا اور جس سے اچھے بزنس کی امیدیں باندھی جارہی تھیں وہ اس ماہ ریلیز ہوئی اور ریلیز ہوتے ہی باکس آفس پر ’کھڑکی توڑ‘ بزنس کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

جی ہاں!۔۔ ہم بات کر رہے ہیں رنبیر کپور اور دپیکا پڈکون کی فلم ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ کی۔۔ جس نے سلمان خان اور عامر خان سمیت گیارہ ٹاپ کلاس فلموں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔


کرن جوہر کی پروڈیوس اور آیان مکھرجی کی ڈائریکٹ کردہ اس فلم کو نوجوانوں نے ہاتھوں ہاتھ لیا اور فلم کی ریلیز کو دو ہفتے گزر جانے کے باوجود تمام سینما گھر بک ہیں اور ایسا صرف بھارت یا پاکستان میں ہی نہیں بلکہ دنیا کے متعدد ممالک میں ہورہا ہے۔

بھارتی جریدے ’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق اب تک 136کروڑ روپے کمانے والی ’یہ جوانی ہے دیوانی‘، ’تھری ایڈیٹس‘، ’ایک تھا ٹائیگر‘، ’دبنگ 2‘، ’باڈی گارڈ‘ اور ’دبنگ‘ کے بعد سب سے زیادہ پیسہ کمانے والی فلم بن گئی ہے۔

بالی وڈ میں آج کل بننے والی ہر وہ فلم میگاہٹ سمجھی جاتی ہے جو سو کروڑ روپے کمالے۔۔اور یہی ٹارگٹ حاصل کرنا فلم سے جڑے ہر شخص کی خواہش ہوتی ہے۔ ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ نے ریلیز ہونے کے ایک ہفتے کے اندر ہی یہ سنگ میل عبور کرلیا ہے۔

فلم نے اب تک جو بزنس کیا ہے وہ ’راوٴڈی راٹھور‘، ’اگنی پتھ‘، ’را ون‘، ’جب تک ہے جاں‘،
’ریڈی‘ اور ’ہاوٴس فل2‘ کی مجموعی کمائی سے بھی زیادہ ہے۔


فلم ٹریڈ سے وابستہ تجزیہ کار ترن آدرش نے فلم کے بارے میں ٹوئٹ کیا ہے کہ 19.45کروڑ کی بمپر اوپننگ دینے والی فلم نے ابتدائی دنوں میں ہی 62.11کروڑ کا بزنس کیا اور پھر سوکروڑ کلب میں داخل ہوگئی۔ بھارت میں اب بھی سینما ’ہاوٴس فل‘ چل رہے ہیں اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

یہ جوانی ہے دیوانی‘ کو اس کے ہلاگلا، مستی اور شرارت سے بھرپور گانوں کی وجہ سے نوجوانوں نے تو پسند کیا ہی ہے، بڑی عمر کے لوگوں کے دل بھی فلم کی پرفیکٹ کاسٹ، حسین مناظر ، خوبصورت سینما ٹوگرافی اور بہترین ڈانس نمبرز نے جیت لئے ہیں۔