عامر خان کی نئی فلم تھری ایڈیئٹس کے ریکارڈ توڑ بزنس کے بعد بالی وڈ کے ’تین خان’ یعنی شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر کے درمیان نمبر ون کے مقام کے لیے مقابلہ سخت ہوگیا ہے۔ عامر بھلے ہی یہ چیخ چیخ کر کہتے رہیں کہ بالی وڈ میں نمبر ون کی دوڑ پر وہ یقین نہیں رکھتے مگر اِس بات سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا کہ اُن کی ہر فلم کی ریلیز کے بعد بالی وڈ کی اِس تکونی خان جوڑی میں ’نمبر ون خان کون؟‘ پر نئے سرے سے بحث چھڑ جاتی ہے۔
عامر سال میں صرف ایک فلم میں کام کرنے کے فارمولے پر بھروسا کرتے ہیں، مگر اُن کی ایک ہی فلم سال بھرمیں ریلیز ہوئی بالی وڈ کی دو سو فلموں پر بھاری پڑتی ہے۔ پچھلے تین سال میں تارے زمین پر، گجھنی اور تھری ایڈیئٹس جیسی لگاتار تین سپر ہٹ فلمیں دے کر عامر نے بالی وڈ میں ایک منجھے ہوئے ایکٹر کے ساتھ اپنا سپر سٹار کا درجہ بھی برقرار رکھا ہے۔ باکس آفس کے کِنگ عامر اس وقت بالی وڈ کے لیے سب سے قابلِ اعتماد اور مہنگے ترین اداکار ہیں۔
کرسمس کے موقع پر ریلیز ہونے والی عامر کی نئی فلم تھری ایڈیئٹس کے پریمیئر میں شرکت کرکے اُس تقریب کو یادگار بنانے والے سلمان اور شاہ رخ کے لیے باکس آفس پر عامر کی نئی فلم کی تاریخی کامیابی پریشانی کا سبب بن سکتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس شاہ رخ کی صرف ایک فلم ’بلو بادشاہ‘ ریلیز ہوئی تھی جو سنیما گھروں میں کچھ خاص چمتکار نہیں دکھا پائی۔ اب انڈسٹری کی ساری امیدیں شاہ رخ کی نئی فلم ’مائے نیم از خان‘ سے وابستہ ہیں۔ فلم ساز کرن جوہر کی یہ فلم فروری میں ریلیز ہورہی ہے۔
اپنی نئی فلم کی تشہیر کے لیے شاہ رخ جدید ترین انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کا سہارا لینے سے بھی دریغ نہیں کر رہے۔ اس ضمن میں انھوں نے سوشل ویب سائٹ ٹوِٹر پر ’iamsrk‘ نام کے ساتھ تشہیری مہم شروع کر دی ہے۔ کنگ خان کی مقبولیت کا اندازہ اِس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ایک دن میں بیس ہزار سے زائد لوگوں نے ٹوٹر پر اُن کا کھلے دل سے خیرمقدم کیا۔
فلم تجزیہ کار اور صحافی فہیم روحانی نے وی او اے اردو ڈاٹ کام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کنگ خان پر اپنی نئی فلم میں بہتر پرفارمنس دینے کا دباؤ اس لیے بھی تھوڑا زیادہ ہے کیوں کہ وہ متعدد بار یہ جتا چکے ہیں کہ اُن سے اچھا اور قابلِ اعتماد ستارہ بالی وڈ میں کوئی دوسرا نہیں ہے۔ اب جب عامر کی لاجواب اداکاری کا خمار سنیمابینوں کے دل و دماغ پر چھایا ہوا ہے تو شاہ رخ چاہیں گے کہ وہ عامر کی کامیابی سے کہیں آگے نکل جائیں۔
بالی وڈ میں عامر اور شاہ رخ کے روایتی حریف سلمان کی مقبولیت عام آدمی کے بیچ اتنی زیادہ ہے کہ وہ بالی وڈ کے اُن چنندہ ستاروں میں سے ہیں جن کےنام پر ہی فلم کے ٹکٹوں کی پیشگی بکنگ ہوجاتی ہے۔ پچھلے سال فلم ساز پربھو دیوا کی ہٹ فلم وانٹیڈ میں کام کرکے سلمان نے ثابت کردیا کہ اُن کی بڑھتی عمر کا اُن کی فلموں کی کامیابی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
اب دیکھنا ہے کہ کیا 22 جنوری کو ریلیز ہونے والی سلمان کی نئی فلم ’ویر‘ باکس آفس پر عامر کے قائم کیے ریکارڈ کو توڑ پائے گی؟ خیال رہے کہ اپنے ڈریم پروجیکٹ ویر کی کہانی خود سلمان نے لکھی ہے۔
اِس میں کوئی شک نہیں کہ پچھلی دو دہائیوں سے اپنی بہترین اداکاری کی بدولت ہندی فلم انڈسٹری اور سنیمابینوں کے دلوں پر حکومت کرنے والے یہ تینوں خان اب بھی بےحد مقبول ہیں۔ آج زمانہ بھلے ہی رنبیر کپور، شاہد کپور اور ابھئے دیول جیسے نوجوان ابھرتے فلمی ستاروں کا دیوانہ ہے، لیکن عامر، شاہ رخ اور سلمان کی آب و تاب اور چمک کے سامنے اِن نئے ستاروں کی چمک ماند پڑ جاتی ہے۔