اداکار ابھیشیک بچن نئی فلم ’دم مارو دم’ کے لیے سائن

اداکار ابھیشیک بچن نئی فلم ’دم مارو دم’ کے لیے سائن

بالی وڈ سٹار شاہ رخ خان کی ہٹ فلم مائے نیم از خان فاکس سٹار اسٹوڈیو کی پہلی ہندی فلم تھی جس نے عالمی سطح پر 43 ممالک میں کامیابی کے نئے ریکارڈ مرتب کیے۔ اور سنگھ کو یقین ہے کہ روہن سپی کی نئی فلم کے ساتھ وہ تاریخ کو دوبارہ دوہرائیں گے۔

بالی وڈ فلمیں ’کچھ نا کہو’ اور ’بلف ماسٹر’ کے بعد فلمساز روہن سِپی نے ایک بار پھر اپنی نئی فلم ’دم مارو دم’ کے لیے اداکار ابھیشیک بچن کو سائن کیا ہے۔ اِس فلم کو فاکس سٹار اسٹوڈیو، رمیش سِپی اینٹرٹینمینٹ کے اشتراک سے پروڈیوس کررہا ہے۔ فلم ’دم مارو دم’ میں بپاشا باسو، آدتیا پنچولی اور پرتیک ببر بھی اہم کردار میں نظر آئیں گے۔ فلم کے موسیقار پریتم ہیں اور اِس ایکشن تھریلر فلم کی عکس بندی بھارت میں سیاحت کے لیے مشہور شہر گوا میں شروع ہو چکی ہے۔

فاکس سٹار اسٹوڈیوز انڈیا کے سی ای او وجے سنگھ نے میڈیا کے لیے جاری کیے گئے بیان میں کہا کہ ہم اِس بزنس کے بہترین ٹیلینٹ کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں اور ہمیں خوشی ہے کہ ہم دم مارو دم میں روہن اور ابھیشیک کی کامیاب جوڑی کے ساتھ کام کریں گے۔ فلم کی اسکرپٹ اِتنی جان دار ہے کہ ہم سب انتہائی خوش ہیں اور 2010ء میں فلم دم مارو دم کا انتظار سب کو رہے گا۔

خیال رہے کہ بالی وڈ سٹار شاہ رخ خان کی ہٹ فلم مائے نیم از خان فاکس سٹار اسٹوڈیو کی پہلی ہندی فلم تھی جس نے عالمی سطح پر 43 ممالک میں کامیابی کے نئے ریکارڈ مرتب کیے۔ اور سنگھ کو یقین ہے کہ روہن سپی کی نئی فلم کے ساتھ وہ تاریخ کو دوبارہ دوہرائیں گے۔

اطلاعات کے مطابق فلم دم مارو دم کو 35 کروڑ روپیے کی لاگت سے بنایا جائے گا۔ اور فلم کے پہلے ایک ماہ کے شوٹنگ شیڈول کا آغاز گزشتہ ہفتے گوا میں ہو چکا ہے۔

ابھیشیک کے ساتھ روہن کی آخری فلم بلف ماسٹرتھی۔ 2005ء میں ریلیز ہوئی اِس فلم نے باکس آفس پر متوسط کاروبار کیا تھا۔ اب چار سال بعد ابھیشیک کے ساتھ تیسری فلم بنا رہے روہن نے جونیئر بچن کی تعریف میں قصیدے پڑھتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بہترین اداکار ہیں اور ہم ایک ساتھ مل کر سنیما بینوں کو ایسی فلم دیں گے جو انہیں سنیما گھروں میں اپنی سیٹ سے باندھے رکھے گی۔