ریکھا پر فلم بنے گی، پراسراررازوں سے پردہ اٹھ جائے گا!

ریکھا پر فلم بنے گی، پراسراررازوں سے پردہ اٹھ جائے گا!

بالی ووڈ کی ہر صبح ایک نئی اور سنسنی خیز خبر اپنے ساتھ لے کر آتی ہے ۔ابھی راجیش کھنہ کوبڑھاپے میں ہونے والے عشق کے چرچے اور ا س کی سنسنی خیزی پوری طرح ختم بھی نہ ہونے پائی تھی کہ اب ریکھا کے بارے میں یہ خبر گرم ہے کہ ڈائریکٹر کپل شرما ریکھا کی حقیقی زندگی پر فلم بنارہے ہیں ۔

اگرچہ کسی فلمی شخصیت پر فلم بنانا کوئی نئی یا انوکھی چیزنہیں، دنیا بھر میں ناجانے کتنی فلمی ہستیاں ہیں جن کی حقیقی زندگی کو پردہ سیمیں پر پیش کیا جاچکا ہے مگر یہاں بات اس شخصیت کی ہورہی ہے جس کی زندگی کے کئی پہلو تاحال پر'اسرار' ہیں۔ کپل شرما کا کہنا ہے کہ وہ انہی اندیکھے پہلو وٴں کو فلم کا موضوع بنائیں گے ۔

فلمی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ کپل شرما کو یہ کام بہت آسان لگ رہا ہے کیوں کہ شاید انہوں نے ابھی تک ریکھا کی پر اسرارزندگی میں جھانکنے کی کوشش نہیں کی ۔ ریکھا نے کبھی کسی کے سامنے اپنے راز نہیں رکھے۔

قاتل ادائیں، دلکش مسکراہٹ، بہترین اداکاری اور خوبصورتی کا نایاب تحفہ کہی جانے والی ریکھا کی جھلک دیکھنے کے لئے آج بھی انگنت لوگ امڈ آتے ہیں ۔ ان میں آج بھی ویسی ہی دلکشی ہے جو آج سے تقریباً تیس سال پہلی ریلیز ہونے والی فلم 'امراوٴ جان 'کے وقت تھی۔ ریکھا کے بارے میں جتنا بھی لکھا جائے کم ہے لیکن پھر بھی اداکاری اور خوبصورتی کی جیتی جاگتی تصویر ریکھا کا جیون بہت زیادہ پر اسرار ہے۔ ان کی زندگی کسی دلچسپ ناول سے کم نہیں ہے۔

اطلاع ہے کہ خود ریکھا نے بھی اپنے متعلق بننے والی فلم میں کام کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے لیکن سوال اب بھی وہی ہیں جن کے جوابات کبھی ریکھا نے کسی کو نہیں دیئے مثلاًکیا ریکھا امیتابھ بچن اور اپنے افیئر کو عام کرنے پر رضامند ہوں گی؟

ریکھا نے سن 1969ء میں فلم "دو شکاری " سے اپنا کیرئیر شروع کیا تھا لیکن یہ فلم غیر معمولی تاخیر کا شکار ہوگئی ۔اسی دوران انہیں فلم" ساون بھادو" کی آفر ہوئی جو 1970ء میں ان کی پہلی ریلیز ہونے والی فلم بن گئی ۔' ساون بھادو' میں ان کے ہیرو نوین نشچل تھے جبکہ "دو شکاری" کے ہیرو وشواجیت تھے۔

'ساون بھادو' کی سانولی سلونی ہیروئن بام عروج پر پہنچانے میں بالی ووڈ شہنشاہ امیتابھ بچن کا نہایت اہم کردار ہے ۔ ریکھا کے ساتھ ان کے افیئر کے چرچے ان دنوں خوب سنائی دیتے تھے۔ان میں کتنی حقیقت تھی کتنا فسانہ اس بارے میں بھی ریکھا نے کبھی کسی کو ہمراز نہیں بنایا۔ لیکن اتنا ضرور ہے کہ امیتابھ کے ساتھ نے ریکھا کو جس روپ میں پردے پر پیش کیا وہ نہایت خوب صورت اور بے جوڑ اداکارہ کا روپ تھا۔ اس کے اظہار کے لئے انہیں تین بار فلم فیئر اور ایک بار نیشنل ایوارڈ دیا گیا۔

کم و بیش دو سو فلموں کی ہیروئن ریکھا نے 1990ء میں اچانک بغیر کسی کو اطلاع دیئے دہلی کے ایک امیر تاجرمکیش اگروال سے شادی کرلی مگر اس شادی کو سال بھی ناگزرا تھاکہ دونوں میں اس قدر اختلافات بڑھے کہ رکھا نے خود کشی جیسا حتمی اقدام اٹھا ڈالا ۔انہوں نے پنکھے سے لٹک کر جان دینا چاہی تھی مگر خوش قسمتی سے وہ بچ گئیں اور انہیں دوسری زندگی مل گئی ۔

مکیش سے ریکھا کی طلاق کیوں ہوئی، وہ کیا وجوہات تھیں جن کے سبب ریکھا کو اپنی زندگی اپنے ہی ہاتھوں ختم کرنے کا فیصلہ کرنا پڑا، ان رازوں سے بھی آج تک پردہ نہیں اٹھا۔ کیا کپل شرما اپنی فلم میں ان پہلووٴں پہ تفصیلی روشنی ڈال سکیں گے ؟اور کیاواقعی ریکھا امیتابھ بچن کے ساتھ اپنے افیئر کو کسی رشتے کا نام دیتے ہوئے دنیا کے سامنے لانے پر آمادہ ہوجائیں گی ؟ یہ وہ سوالات ہیں جو ریکھا کی زندگی پر بننے والی فلم کے ریلیز ہونے تک لوگوں میں اشتیاق بڑھاتے رہیں گے۔ دراصل یہی اشتیاق اس فلم کی کامیابی کی بنیادیں بھی رکھ سکتا ہے۔