برطانیہ کے وزیرِاعظم بورس جانسن نے اپنی منگیتر کیری سائمنڈز سے ویسٹ منسٹر کیتھیڈرل میں ہفتے کو منعقدہ ایک خفیہ تقریب میں شادی کرلی ہے۔
برطانوی اخبارات 'دی سن' اور 'میل آن سنڈے' نے برطانوی وزیرِ اعظم کی شادی کی خبر دی تھی جس پر ہفتے کو بورس جانسن کے دفتر ڈاؤننگ اسٹریٹ نے فوری کوئی ردِعمل نہیں دیا تھا۔
البتہ خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق اتوار کو بورس جانسن کے دفتر نے کہا ہے کہ 'وزیرِاعظم اور کیری سائمنڈز نے ہفتے کو ویسٹ منسٹر کیتھڈرل میں منعقدہ ایک چھوٹی تقریب میں شادی کرلی ہے۔'
ان کے بقول 'وہ دونوں آئندہ گرمیوں میں اپنے دوستوں اور اہل خانہ کے ساتھ شادی کا جشن منائیں گے۔'
اس سے قبل برطانوی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ شادی کی تقریب میں مہمانوں کو آخری لمحات میں مدعو کیا گیا تھا۔ حتیٰ کہ وزیرِ اعظم کے دفتر کے اعلی عہدے دار بھی شادی کے منصوبے سے آگاہ نہیں تھے۔
کرونا پابندیاں کی وجہ سے برطانیہ میں شادی کی تقریبات میں صرف 30 افراد کو شرکت کی اجازت ہے۔
بورس جانسن اور کیری سائمنڈز کی شادی کی تقریب جس کیتھولک چرچ میں ہوئی اسے دوپہر کے وقت اچانک بند کر دیا گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق 33 سالہ دلہن سائمنڈز شادی کے روایتی سفید لباس میں ملبوس تھیں لیکن ان کے چہرے پر روایتی پردہ نہیں تھا جب کہ وہ ایک لیموزین گاڑی میں شادی کے مقام پر آدھے گھنٹے کی تاخیر سے پہنچیں۔
اس سے قبل برطانوی ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ وزیرِ اعظم جانسن آئندہ برس 22 جولائی کو شادی کریں گے۔
سن 2019 میں وزیرِ اعظم بننے کے بعد 56 سالہ بورس جانسن اور سائمنڈز ڈاؤننگ اسٹریٹ کی سرکاری رہائش گاہ پر اکٹھے رہ رہے ہیں۔
انہوں نے گزشتہ برس منگنی کرنے کا اعلان کیا تھا اور اپریل 2020 میں ان کے ہاں بیٹے ولفرڈ جانسن کی پیدائش ہوئی تھی۔
جانسن کی ذاتی زندگی پیچیدہ رہی ہے اور یہ اُن کی تیسری شادی ہے۔
اُنہیں شادی شدہ ہونے کے باوجود مبینہ افیئر سے متعلق غلط بیانی کرنے پر کنزریٹو پارٹی کی پالیسی ٹیم سے نکال دیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ بورس جانسن کی یہ تیسری اور کیری سائمنڈز کی یہ پہلی شادی ہے۔
بورس جانسن نے اس سے قبل 1987 میں الیگرا موسٹائن اوِن سے پہلی شادی کی تھی جو 1993 میں اختتام کو پہنچی تھی۔
بورس جانسن 1993 میں ہی دوسری مرتبہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور انہوں نے مرینا وہیلر نامی خاتون سے شادی کی تھی۔ یہ شادی 25 سال بعد ستمبر 2018 میں طلاق کی صورت میں ختم ہو گئی تھی۔ بورس جانسن اور مرینا وہیلر کے چار بچے بھی ہیں۔