آئرلینڈ نے متحدہ عرب امارات کو دو وکٹوں سے شکست دے دی

فائل فوٹو

برسبین میں کھیلے جانے والے میچ میں آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر متحدہ عرب امارات کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ پچاس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 278 رنز بنائے۔

آئرلینڈ نے کرکٹ ورلڈ کپ کے پول بی کے میچ میں متحدہ عرب امارات کو دو وکٹوں سے شکست دے دی۔

بدھ کو برسبین میں کھیلے جانے والے میچ میں آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر متحدہ عرب امارات کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ پچاس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 278 رنز بنائے۔

متحدہ عرب امارات کی طرف سے شائمن انور نے شاندار سینچری اسکور کی۔

انھوں نے دس چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 106 رنز بنائے جب کہ امجد علی نے 45 رنز بنائے۔

279 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آئر لینڈ کی ٹیم نے جب بیٹنگ شروع کی تو 97 کے مجموعی اسکور پر اس کی چار وکٹیں گر گئیں۔

تاہم آئرلینڈ کی ٹیم نے یہ ہدف 49.2 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

آئر لینڈ کی طرف سے ولسن 80 اور برائن 50 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

متحدہ عرب امارات کے امجد جاوید نے تین، محمد توقیر اور محمد نوید نے دو، دو جب کہ گوروج نے ایک وکٹ حاصل کی۔

آئر لینڈ کے ولسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

یاد رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ 2015ء کا پہلا اپ سیٹ آئر لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو چار وکٹوں سے شکست دے کر کیا تھا۔