جاپان نے پہلی بار امریکہ کے علاوہ کسی دوسرے ملک کے ساتھ دفاعی معاہدہ کرتے ہوئے برطانیہ کے ساتھ دفاعی منصوبوں میں تعاون کرنے پہ اتفاق کیا ہے۔
اس پیش رفت کا اعلان جاپانی وزیرِاعظم یوشی ہیکو نوڈا اور ان کے برطانوی ہم منصب ڈیوڈ کیمرون نے منگل کو ٹوکیو میں ملاقات کے بعد کیا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ دونوں ملک مشترکہ طور پر دفاعی آلات کی تیاری، پیداوار اور تحقیق کا آغاز کریں گے اور جلد از جلد ایک دفاعی پروگرام کے آغاز کی کوشش بھی کی جائے گی۔
ایشیائی ممالک کے اپنے حالیہ دورے کے دوران میں برطانوی وزیرِاعظم جمعہ کو برما جائیں گے۔ وہ عشروں طویل فوجی حکومت کے گزشتہ برس خاتمے کے بعد برما کا دورہ کرنے والے کسی مغربی ملک کے پہلے سربراہ ہوں گے۔
اس دورے میں برطانوی وزیرِاعظم برما کی جمہوریت پسند رہنما آنگ سان سوچی سے بھی ملاقات کریں گے جن کی جماعت نے پارلیمان کی لگ بھگ 50 نشستوں پر رواں ماہ ہونے والے ضمنی انتخابات میں شان دار کامیابی حاصل کی ہے۔
جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے دورے کے دوران میں وزیرِاعظم کیمرون انڈونیشیا اور ملائیشیا بھی جائیں گے۔