برطانیہ: اردنی مبلغ کو جلاوطن کرنے کی کوشش

برطانوی حکام نے القاعدہ کے راہنما اسامہ بن لادن سے تعلق کے الزام میں اردن جلاوطن کرنے کے لیے ایک کٹر مسلمان عالم کو گرفتار کیا ہے ۔

برطانیہ نے اردن سے تعلق رکھنے والے ایک مبلغ ابو قتادہ کو 2005ء میں بھی یہ کہتے ہوئے جلاوطن کرنے کی کوشش کی تھی کہ وہ ملک کی سیکیورٹی کے لیے خطرہ ہیں۔

اردن ، قتادہ کو ان کی غیر موجودگی میں دو بم دھماکوں کے منصوبوں سے منسلک الزامات میں سزا سناچکاہے۔

لیکن انسانی حقوق کی یورپی عدالت نے جنوری میں یہ فیصلہ دیاتھا کہ انہیں جلاوطن نہیں کیا جاسکتا کیونکہ یہ امکان موجود ہے کہ ان کے خلاف گوائیاں تشدد کے ذریعے حاصل کی گئی ہوں۔

برطانیہ کی وزیر داخلہ ٹریسا مے نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ انہیں اردن کی طرف سے نئی یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ تشدد کے ذریعے حاصل کردہ شواہد اقتادہ کے خلاف استعمال نہیں کیے جائیں گے۔

مے ، جنہوں نے گذشتہ ماہ اردن کا دورہ کیا تھا، کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ اس یقین دہانی سے عدالت کو مطمئن کرکے اقتادہ کو جلاوطن کرنے کی راہ ہموار ہوجائے گی۔

اردن کے وزیر انصاف ابراہیم الجازی نے کہاہے کہ اقتادہ کے خلاف ان کی غیر موجودگی میں مقدمہ چلایا گیا تھا، ان کے یہاں آنے پر انہیں ایک مکمل مقدمے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔