تین افراد پر مسافر طیاروں کو تباہ کرنے کی سازش کا جرم ثابت

برطانیہ سے امریکہ اور کینیڈا جانے والے مسافر طیاروں کو دوران پرواز دیسی ساختہ بموں سے حملے کرکے سینکڑوں افراد کو ہلاک کرنے کی ناکام سازش کے الزام میں گرفتار تین افراد کواس جرم کا مرتکب پایا گیا ہے۔ حکام کے مطابق تینوں مجرمان کو پیر کے روز عمر قید کی سزا سنائی جائے گی۔

برطانیہ کی کراؤن پراسیکیوشن سروس کے شعبہ انسداد دہشت گردی کی سربراہ سیو ہیمنگ کا کہنا ہے کہ ابراہیم ساونت، عرفات وحید خان اور وحید زمان دیگر افراد کی معاونت سے تباہ کن دھماکے کرکے بڑا جانی نقصان کرنا چاہتے تھے۔ مبینہ دہشت گردوں کا یہ گروہ مائع دھماکاخیز مواد مشروبات کی شکل میں ہوائی جہازوں میں منتقل کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔

ان تینوں مجرمان کو 2006ء میں لندن اور اس کے نواحی علاقوں سے گرفتار کیا گیا تھا۔اِنھوں نے اپنے الوداعی ویڈیو پیغامات میں برطانیہ اور امریکہ پر حملوں کی دھمکی بھی دی تھی۔

تینوں مسلم نوجوانوں پر 2008ء اور 2009ء میں بھی مقدمات چلائے گئے تھے لیکن پہلے مقدمے میں جیوری فیصلے پر اتفاق نہیں کر سکی تھی جب کہ دوسرے مقدمے میں جیوری کے مطابق ان افراد کو یہ معلوم نہیں تھا کہ وہ جس سازش میں شامل ہیں اس کا مقصد انسانوں کا قتل ہے۔