برٹش ورجن آئی لینڈ کے وزیراعظم منی لانڈرنگ اورکوکین کی درآمد کےالزام میں گرفتار

ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن کا ایک ایجنٹ کارروائی کرتے ہوئے (فائل فوٹو)

برٹش ورجن آئی لینڈ کے وزیر اعظم کو منی لانڈرنگ اور کوکین درآمد کی سازش کے الزام میں جمعرات کو امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایجنسی (ڈی ای اے )نے میامی میں گرفتار کرلیا ۔

خبررساں ادارے رائڑرز کے مطابق ایک مخبر کی خفیہ اطلاع پر 51 سالہ اینڈریو فاہمی کو میامی کے ہوائی اڈے پر برطانوی سمندر پار علاقے کی پورٹس اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر اولین وائن مینارڈ کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔

ڈرگ انفورسمنٹ ایجنسی کے مطابق فاہمی نے مخبر کو جس نے خود کا میکسیکو کے سینالواوا ڈرگ کارٹل کا رکن ظاہر کیا تھا، پانچ لاکھ ڈالر کے عوض کوکین بھیجنے کے لیے برٹش ورجن آئی لینڈ کی بندرگاہوں کو استعمال کرنے کی اجازت دینے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔فاہی کی گرفتاری کا انکشاف سب سے پہلے برٹش ورجن آئی لینڈ کے گورنر جان رینکن نے کیا ۔

رینکن نے اپنے بیان میں کہا کہ مجھے احساس ہے کہ علاقے کے لوگوں کے لیے یہ چونکا دینے والی خبر ہوگی اور میں اس وقت ان سے پرسکون رہنے کو کہوں گا۔ فاہمی سے فوری طور پر تبصرے کے لیے رابطہ نہیں کیا جاسکا اور نہی برٹش ورجن آئی لینڈ پورٹس اتھارٹی کے اہلکار سے رابطہ ہو پایا ہے۔

ڈرگ انفورسمنٹ ایجنسی کی ایڈمنسٹریٹر این ملگرام نے کہا ہے کہ ان گرفتاریوں سے یہ واضح پیغام جانا چاہیے کہ جو کوئی بھی خطرناک منشیات کو امریکہ لانے میں ملوث ہوا، قطعہ نظر اس کے عہدے کے،اس کا احتساب کیا جائے گا۔ڈی ای اے کی شکایت سےپتہ چلتا ہے کہ خفیہ مخبر نے مشاہدات اور ریکارڈنگ پر مبنی اپنی تفتیش اکتوبر میں شروع کی تھی۔

ڈی ای اے کی شکایت کے مطابق مخبر نے دعویٰ کیا کہ اس کی فاہمی، بی وی آئی پورٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر اولین وائن مینارڈ اور اس کے بیٹے کڈیم مینارڈ کے ساتھ ایک ملاقات ہوئی جہاں اس نے خود کو کارٹل کا رکن ظاہر کیا تھا جو ہزاروں کلو گرام کولمبیا کوکین ٹورٹولا جزیرے کے لیے ذریعہ پورٹیکو منتقل کرنا چاہتا ہے تاکہ اسے نیویارک اور میامی برآمد کیا جاسکے۔

ڈی ای اے کی شکایت کے مطابق اینڈریو فاہمی نے کوکین بھیجنے کے لیے خفیہ ذرائع کو پورٹ استعمال کرنے کی اجازت دی اور اس کے بدلے پانچ لاکھ ڈالر ادا کرنے کو کہا ۔ برٹش آئی لینڈ کے اس اعلیٰ ترین عہدیدار نے سینگال میں ایک شخص سے لیےگئے تیراسی ہزار ڈالر کا قرض بھی ادا کرنے کو کہا جس نے ان کے چند سیاسی مسائل حل کیے تھے۔

فاہمی کی میامی میں گرفتاری ایک نجی طیارے میں ڈیزائنر کے الگ الگ شاپنگ بیگ دکھانے کے بعد عمل میں آئی تھی جس میں بظاہر ان کے اور اولین وائن مینارڈ کے سات لاکھ ڈالر تھے۔

برطانوی وزیر خارجہ لزٹرس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ ان الزامات پر حیرت زدہ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ فاہمی کی گرفتاری نے جزائر میں بدعنوانی اور عہدے کے غلط استعمال کے الزامات کے بارے میں حال ہی میں مکمل ہونے والی کمیشن آف انکوائری کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے ۔ کمیشن کی رپورٹ ابھی شائع نہیں ہوئی۔

نائب وزیر اعظم سواندے ویٹلی غیر معینہ مدت کے لیے قائم مقام وزیر اعظم بنادیے گئے ہیں جبکہ وزیر اعظم کے دفتر نے فوری طور پر مزید معلومات کے لیے درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔