پاکستان کےبارے میں فلم کیلئے دو ایوارڈ

عمران خان، بیٹے کے ہمراہ

عمران خان، بیٹے کے ہمراہ

اِس فلم میں چھ مختلف کرداروں کی کہانیوں کے ذریعے پاکستان کا وہ پہلو دکھانے کی کوشش کی گئی ہے جو بین الاقوامی ذرائع ابلاغ میں نظر نہیں آتا
پاکستان کے بارے میں ڈاکومینٹری فلم وِدآؤٹ شیفرڈزWithout Shepherds نے31 مئی سے نو جون تک جاری رہنے والے ’بروکلن فلم فیسٹول‘ میں بہترین ڈاکومینٹری ایوارڈ اور فیسٹول کی بہترین فلم کو دیا جانے والا گرینڈ کیمیلیئن ایوارڈ جیت لیا ہے۔

امریکی اور پاکستانی فلمسازوں کے اشتراک سے بنائی گئی اس فلم میں پاکستان کو اس کے اپنے لوگوں کی نظر سے دکھانے کی کوشش کی گئی ہے۔

فلم کے ڈائریکٹر کیری میک لیلینڈ نے ایوارڈ وصول کرکے اسے اپنے پاکستانی ساتھیوں کے نام منسوب کیا۔

’وائس آف امریکہ‘ سے بات کرتے ہوئے کیری نے کہا کہ یہ فلم پانچ سالوں کی محنت کا ثمر ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ ’بروکلن فلم فیسٹول‘ میں ایوارڈ ملنا ہمارے لئے نہایت خوشی کا موقع ہے، کیونکہ سب سے پہلے ہمیں اس فلم کا خیال بروکلن میں ہی آیا تھا۔

اُنھوں نے کہا کہ پاکستان میں فلم کی شوٹنگ ختم ہونے کے بعد اس پر 90 فیصد کام بھی بروکلن میں ہی ہوا۔ اس فلم کا دوسرا گھر لاہور ہے جہاں بہت سے لوگوں نے اس فلم پر ہمارے ساتھ کام کیا۔

وکلاء کی تحریک، بے نظیر بھٹو کی ہلاکت اور اس کے بعد ہونے والی سیاسی اور سماجی کشمکش کے تناظر میں بنائی جانے والی اس فلم میں چھ مختلف کرداروں کی کہانیوں کے ذریعے پاکستان کا وہ پہلو دکھانے کی کوشش کی گئی ہے جو بین الاقوامی ذرائع ابلاغ میں نظر نہیں آتا۔

تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان، سوپرماڈل ونیزا احمد، گلوکار اریب اظہر کے علاوہ ایک سابقہ جہادی ابراہیم، ٹرک ڈرائیور عبداللہ اور خیبر پختونخواہ سے تعلق رکھنے والی جرنلسٹ لائبہ یوسفزئی اس کے کرداروں میں شامل ہیں۔ فلم میں عمران خان کے اپنے بیٹوں کے ساتھ تفریح کرتے ہوئے بہت سے دلچسپ مناظر بھی دکھائے گئے ہیں۔

فلم کے شریک ڈائریکٹر عمران بابر ہیں اور اس فلم کا میوزک عروج آفتاب اور گرے میک مرے نے ترتیب دیا ہے۔

یہ فلم امریکہ بھر میں مختلف فلم فیسٹولز میں دکھائی گئی ہے اور اسے ناظرین کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی ہے۔ جلد ہی اسے امریکہ، پاکستان اور بین لاقوامی سطح پر ریلیز کیا جائے گا۔