برما: علیحدگی پسند تنظیم کے وفد کی آنگ ساں سوچی سے ملاقات

BURMA

برما میں طویل عرصے سے جاری علیحدگی پسندی کی تحریک کے راہنماؤں نے اتوار کے روز جمہوریت پسند لیڈر اور پارلیمنٹ کی نو منتخب رکن آنگ ساں سوچی سے رنگون میں ملاقات کی۔

کیرن نیشنل یونین کے وفد نے، جس کی قیادت تنظیم کے سیکرٹری جنرل زیپورہ سین کررہے تھے، اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ انہوں نے سوچی سے فائربندی کی تفصیلات پر گفتگو کی۔

فائربندی کا یہ معاہدہ گذشتہ ہفتے حکومت اور با غیوں کے درمیان طے پایا تھا۔

آنگ ساں سوچی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ فائربندی امن کے راستے پر پہلا قدم ہے۔

زیپورہ سین نے کہا ہے کہ دونوں فریقوں نے دوسرے نسلی گروپوں کی ضروریات کو بھی اپنی بات چیت کا موضوع بنایا۔

آنگ ساں سوچی سے کیرن نیشنل یونین کی اس ملاقات سے ایک روز قبل تنظیم کے وفد نے صدر تھین سین سے برما کے انتظامی دارالحکومت میں ملاقات کی تھی۔

کیرن نیشنل یونین کے عہدے داروں کا کہناہے کہ صدر نے انہیں کہاہے کہ جتنی جلد ممکن ہوا ، حکومت ان کی تنظیم کو کالعدم تنظیموں کی فہرست سے خارج کرنے کی کوشش کرے گی۔