برما کی جمہوریت نواز راہنما آنگ ساں سوچی کا کہناہے کہ برما کی حکومت نے ان کی اپنے گھر پر نظربندی اٹھائے جانے کے بعد سے اصلاحات کے لیے کئی مثبت اقدامات کیے ہیں۔
اپنی رہائی کی پہلی سالگرہ پر پیر کے روز ایک سو سے زیادہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نوبیل انعام یافتہ راہنما نے کہاکہ گذر جانے والے سال میں کئی واقعات رونما ہوئے ہیں جو کئی لحاظ سے حوصلہ افزا تھے۔
لیکن انہوں نے کہا کہ اب بھی کئی معاملات کو درست کرنے کی ضرورت ہے جن میں سیاسی قیدیوں کی رہائی، نسلی اقلیتوں سے برتاؤ ، قانون کی حکمرانی اور آزاد عدلیہ شامل ہیں۔
آنگ ساں سوچی نے کہا کہ انہیں اس بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے کہ حکومت مزید قیدیوں کو رہا کرنے والی ہے۔