انگلینڈ نے دبئی میں کھیلے جانے والے چوتھے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں پاکستان کو 84 رن سے ہرا کر سیریز 1-3 سے جیت لی ہے۔
جمعے کو چار میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور مقررہ 50 اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 355 رن بنائے تھے۔
انگلینڈ کی اننگز کی خاص بات جوز بٹلر کی جارحانہ بلے بازی تھی جنہوں نے 46 گیندوں پر سینچری اسکور کرکے انگلینڈ کی جانب سے ایک روزہ میچوں میں تیز ترین سینچری کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ ڈالا۔
جوز بٹلر نے 10 چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے 52 گیندوں پر 116 رن بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ ان کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت انگلینڈ نے آخری 10 اوور میں 129 رن بنائے اور پاکستان کے میچ جیت کر سیریز برابر کرنے کی خواہش کو چکنا چور کردیا۔
اپنی جارحانہ بلے بازی کی بدولت جوز بٹلر میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
انگلینڈ کے دوسرے نمایاں بلے باز اوپنر جیسن رائے رہے جنہوں نے 102 رن بنائے اور انگلش ٹیم کو ایک مضبوط آغاز فراہم کیا۔ جو روٹ نے 71 رن اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے محمد عرفان اور اظہر علی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
جواباً 356 رن کے بڑے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم نے ابتدا سے ہی اچھی بلے بازی کی لیکن ان کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ ووقفے وقفے سے جاری رہا اور پوری ٹیم 41 اوور میں 271 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئی۔
پاکستان کی جانب سےشعیب ملک (52) اور بابر اعظم (51) نے نصف سینچریاں بنائیں لیکن ان کی یہ کوششیں قومی ٹیم کو کوئی مضبوط سہارا فراہم نہ کرسکیں۔
انگلینڈ کی جانب سے معین علی اور عادل راشد نے تین، تین اور ڈیوڈ ولی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو چھ وکٹوں سے ہرادیا تھا جب کہ دوسرا میچ انگلینڈ نے 95 رن اور تیسرا چھ وکٹوں سے جیت لیا تھا۔
اس سے قبل تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز پاکستان نے دو-صفر سے اپنے نام کی تھی۔
ایک روزہ میچوں کی سیریز کی تکمیل کے بعد اب دونوں ٹیمیں تین ٹوئنٹی20 میچوں کی سیریز کھیلیں گی جس کا آغاز جمعرات کو دبئی سے ہوگا۔