|
ویب ڈیسک — انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان جوس بٹلر نے چیمپئنز ٹرافی میں افغانستان کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے مطالبے پر کہا ہے کہ کھیل اور سیاست کو علیحدہ رکھنا چاہیے۔
بدھ کو کولکتہ میں بھارت کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ سے قبل صحافیوں سے بات کرتے ہوئے جوس بٹلر نے کہا کہ افغانستان کے خلاف انگلینڈ کے میچ پر بائیکاٹ کے مطالبے کے بعد آگے بڑھنا چاہیے۔
واضح رہے کہ 160 سے زائد برطانوی سیاست دانوں نے ایک خط میں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ طالبان حکومت کی خواتین کے حقوق سے متعلق پالیسیوں پر احتجاجاً افغانستان کے ساتھ اپنے میچ کا بائیکاٹ کرے۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو آئندہ ماہ پاکستان کی میزبانی میں شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں 26 فروری کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں افغانستان کے ساتھ پول میچ کھیلنا ہے۔ افغانستان، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا پول بی میں شامل ہیں۔
سن 2021 میں اقتدار میں آنے کے بعد افغانستان میں طالبان حکومت نے خواتین کی کھیلوں پر پابندی لگا دی ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے فل ممبر کے طور پر افغانستان پر لازم ہے کہ وہ اپنی خواتین کرکٹ ٹیم بھی بنائے۔
لیکن اس خلاف ورزی کے باوجود آئی سی سی نے افغانستان کی مین کرکٹ ٹیم کو عالمی مقابلوں میں حصہ لینے کی اجازت دے رکھی ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جوس بٹلر نے کہا کہ اس طرح کی سیاسی صورتِ حال میں بطورِ کھلاڑی آپ کی کوشش ہوتی ہے کہ جتنا ممکن ہو باخبر رہیں۔
ان کے بقول ماہرین اس بارے میں زیادہ جانتے ہیں۔ وہ کوشش کر رہے ہیں کہ ای سی بی کی مینیجنگ ڈائریکٹر روب کی اور دیگر سے بات چیت کریں تاکہ وہ یہ دیکھ سکیں کہ وہ اس معاملے کو کیسے دیکھتے ہیں۔
SEE ALSO: لاہور میں افغانستان سے میچ نہ کھیلنے کا مطالبہ؛ 'سارا دباؤ انگلش کپتان پر نہ ڈالا جائے'جوس بٹلر نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ بائیکاٹ اس کا حل ہے۔ یقیناً ایک کھلاڑی کے طور پر آپ نہیں چاہتے کہ سیاسی صورتِ حال کھیل پر اثر انداز ہو۔ ہم امید کرتے ہیں کہ ہم چیمپئنز ٹرافی کھیلنے جائیں گے اور ایک اچھا ٹورنامنٹ ہو گا۔
ای سی بی نے بائیکاٹ کے مطالبے کی مزاحمت کی ہے اور اس کے چیف ایگزیکٹو رچرڈ گولڈ کا کہنا ہے کہ اس کے بجائے وہ آئی سی سی کےاجتماعی اقدام کی "حمایت" کریں گے۔
اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' سے لی گئی ہیں۔