ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کی کسی ایک یا دو حلقوں میں بھی ضمنی انتخابات ہوں تو اس کی گونج پورے شہر میں سنائی دیتی ہے۔ ان دنوں بھی ماحول کچھ ایسا ہی ہے۔ یہاں 7اپریل کو قومی اسمبلی کے حلقہ245 میں ضمنی انتخابات کے لئے دنگل سج گیا ہے۔
یہ نشست سن 2013ء میں ہونے والے عام انتخابات کے نتیجے میں متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ریحان ہاشمی نے پی ٹی آئی کے رکن محمد ریاض حیدر سے مقابلے کے بعد جیتی تھی۔ تاہم ریحان ہاشمی 16 فروری کو یونین کونسل کے وائس چیئرمین کے انتخابات لڑنے کی غرض سے اس نشست سے مستعفی ہوگئے تھے۔
این اے 245 کراچی سات کی اس نشست کے لیے 7 اپریل کو مختلف جماعتوں کے 16 امیدوار ایک دوسرے کے سامنے ہوں گے جس کے لیے انتخابی سرگرمیاں شروع ہوگئی ہیں۔
پرویز مشرف کی جماعت بھی قسمت آزمائے گی
اس بارسابق عسکری صدر پرویز مشرف کی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ بھی میدان میں اتری ہے جس نے بورڈ آفس پر اپنا باقاعدہ کیمپ قائم کردیا ہے۔ جمعرات کو وائس آف امریکہ کے نمائندے کی جانب سے کیمپ کے مشاہدے کے موقع پر کیمپ میں بلند آواز میں پارٹی ترانے بجائے جارہے تھے جبکہ کیمپ میں امیدوار کی تصاویر کے ساتھ ساتھ پرویز مشرف اور موجودہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی بھی قد آدم کے برابر تصاویر نمایاں تھیں۔
پیپلز پارٹی بھی آگے آگے
اسی طرح کا ایک کیمپ حیدری میں پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے بھی لگایا گیا ہے، یہاں بھی دن بھر پارٹی نغمے بجائے جاتے رہے جبکہ مختلف علاقوں سے آنے والے پارٹی کارکنوں کا بھی رش دیکھنے کو ملا۔
متحدہ قومی موومنٹ کا انتخابی گڑھ
متحدہ قومی موومنٹ نے اپنا کیمپ شادمان ٹاوٴن اور حیدری میں قائم کیا ہے جہاں کارکنوں کی ایک بڑی تعداد دن بھر موجود رہتی ہے ۔یہ حلقہ متحدہ قومی موومنٹ کا گڑھ تصور ہوتا ہے۔
سب کو آزمالیا، ہمیں بھی آزمائیں
ان سب کے ساتھ ساتھ پاسبان نامی سیاسی جماعت نے بھی عبدالحاکم قائد کو اپنے امیدوارکی حیثیت سے میدان میں اتارا ہے۔ وی او اے سے مختصر گفتگو میں عبدالحاکم نے عوام کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ ’ہمارا منشور عام آدمی کے عام مسائل کا حل ہے۔۔ عوام نے۔۔ "سب کو آزمالیا، اب غباروں پر مہر لگائیں۔۔"
حلقہ این اے 245
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق سات اپریل کو ہونے والی پولنگ کے لئے یہاں 227 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں تاہم ان میں سے تقریباً 150 کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ یہ ’حساس‘ پولنگ اسٹیشنز ہیں۔
حلقے سے متحدہ قومی موومنٹ کے محمد کمال، محمد نزاکت، پی پی پی کے شاہد حسین، جے یو آئی کے عبدالرشید نعمانی، ندیم ہدایت ہاشمی، نضرہ کامران، پی ٹی آئی کے امجداللہ خان، خالد ممتاز، سید ابصارالحسن، سید رحمت اللہ، سید زاہد علی، سید نوید عزیز ،عبدالحاکم قائد، عشرت غزالی، قاسم جہانگیراور محمد احسن جمیل میدان میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہیں۔
حلقے کے مضبوط امیدواروں کے بارے میں کہا جائے تو متحدہ قومی موومنٹ کے محمد کمال اور پی ٹی آئی کے امجداللہ خان کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے کیوں کہ ممکنہ طور پر جماعت اسلامی اور مصطفی کمال کی’ پاک سرزمین پارٹی ‘پی ٹی آئی کی حمایت کررہی ہے تاہم ٹریک ریکارڈ کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کو اب تک ہونے والے انتخابات میں برتری حاصل رہی ہے۔
یہاں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 3 لاکھ 83 ہزار 748 ہے جن میں سے 2 لاکھ 8 ہزار 50 ووٹرز مرد اور ایک لاکھ 25 ہزار698 خواتین ووٹرز ہیں۔
حلقے کے بڑے اور اہم علاقوں میں نارتھ کراچی کے کچھ سیکٹرز، شادمان ٹاؤن، ناظم آبادکے سات بلاکس، حیدری مارکیٹ، پاپوش نگر، میٹرک بورڈ آفس، ناظم آباد نمبر5 ،عرفات ٹاؤن، بلال کالونی، نصرت بھٹو کالونی، پہاڑ گنج، موسیٰ گوٹھ، کوثر نیازی کالونی، چاندنی چوک،اورنگ آباد، کرسچن کالونی، ناظم آباد بڑا میدان اورواحد کالونی شامل ہیں۔
ویڈیو کلپ
حلقہ این اے 245 کی سیاسی سرگرمیوں، پارٹی پرچموں سے سجے چوراہوں، بینرز، ہورڈنگز اور پارٹی نغموں کی چھوٹی سی جھلک ویڈیو کلپ کی صورت میں زیرنظر رپورٹ سے منسلک ہے۔۔۔ آپ بھی ملاخطہ کیجئے۔
Your browser doesn’t support HTML5