یوکرین میں ایک فوجی طیارہ گر کر تباہ ہونے سے 22 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں زیرِ تربیت اہلکار بھی شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ تباہ ہونے کا واقعہ جمعے کی شام کو پیش آیا جس سے طیارے میں سوار 22 افراد ہلاک ہو گئے۔
یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ دارالحکومت کیف سے 400 کلو میٹر دور مشرق میں واقع علاقے خارکیف کے چوہویف ایئر پورٹ پر اترنے کی کوشش کر رہا تھا۔ اس دوران وہ گر کر شعلوں کی لپیٹ میں آ گیا۔
خارکیف کے گورنر اولکسی کوچر نے بتایا کہ طیارے میں 27 افراد سوار تھے۔ جن میں افسران کے ساتھ ساتھ 20 زیرِ تربیت فوجی اہلکار شامل تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اس وقت یہ تصدیق کر سکتے ہیں کہ 22 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ دو اسپتال میں زیرِ علاج ہیں، جب کہ تین لاپتا ہیں۔
گورنر نے بتایا کہ پائلٹ نے دو انجنوں والے طیارے کے ایک انجن کے فیل ہونے کی اطلاع دی تھی۔ تاہم ایک تجربہ کار پائلٹ کے لیے ایسی صورتِ حال میں طیارے کو بحفاظت اتار لینا کوئی مشکل کام نہیں تھا۔
انتونوف این-26 طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا۔ طیارے میں سوار زیادہ تر افراد ایئر فورس کی خارکیف یونیورسٹی میں زیرِ تربیت کیڈٹ تھے۔
یوکرین کے صدر ولادی میرزیلنسکی کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ طیارے کے حادثے کا سبب بنے والے اسباب کی تحقیقات کے لیے ایک کمیشن قائم کر دیا گیا ہے۔