شمالی کیلی فورنیا کے دیہی علاقوں میں سال نو کے پہلےدن ایک طاقتور طوفان کے باعث زبردست بارش اورشدید برفباری نے ریاست کے بیشتر حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ طوفان کی شدت سے دریا کے پشتے ٹوٹ گئے ، ٹریفک شدید متاثر ہوا اور بڑی شاہراہیں بند کر دی گئیں ۔ طوفان کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر انتظامیہ نے لوگوں کو علاقہ خالی کرنے کے لیے تیار رہنے کا کہا ہے۔
سیلاب سے سب سے زیادہ متاثرسیکرامینٹو کے جنوب میں لگ بھگ 32 کلو میٹر پر واقع زرعی علاقہ ہوا جہاں سیلابی پانی دریاؤں سے باہر امڈ آیا اور ریاست کے روٹ 99 پر درجنوں کاریں پانی میں ڈوب گئیں ۔
ہنگامی عملے نے سال نو کی رات سے اتوار کی صبح تک کارسوارو ں کو بچایا اور شاہراہ مسلسل بند رہی۔
انٹر اسٹیٹ روٹ 5 کے قریب کئی نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کو بتایا گیا کہ اس سے پہلے کہ پانی کی بلند ہوتی ہوئی سطح سے مزید سڑکیں بند ہوجائیں اور انخلاء ناممکن ہو جائے وہ اپنے گھر چھوڑنے کے لئے تیار ہو جائیں ۔
ہنگامی سروسز سے متعلق سیکرامینٹو کاؤنٹی کے دفتر نے اتوار کی سہ پہر ٹوئٹر پر کہا کہ متاثرہ علاقوں میں مویشیوں کو زیادہ بلندجگہوں پر متنقل کردینا چاہئے ۔
کیلی فورنیا کے ٹرانسپورٹ کے محکمے نے کہا ہے کہ سال نو کی رات جھیل ٹاہو کے قریب برفانی طوفان کے دوران انٹر اسٹیٹ روٹ 80 پر پھنسنے والی کاروں کے درجنوں ڈرائیورز کو بچایا گیا ۔
سان فرانسسکو بے ایریا سے پہاڑوں تک جانے والے کلیدی راستے کو اتوار کے روز زان مسافر کاروں کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا، جن کے ٹائر وں پر پھسلنے سے بچنے کیلئےزنجیریں بندھی تھیں۔
آن لائن سیکرامینٹو کے میونسپل یوٹیلیٹی ڈسٹرکٹ کے ایک نقشے کے مطابق ، ریاستی دار الحکومت کے شمال میں ہنگامی عملے نے سڑکوں اور فٹ پاتھوں پرگرجانے والے درختوں ہٹا کر صاف کیا جب کہ کم از کم 33 ہزار صارفین اتوار کو بجلی سے محروم تھے۔ نقشے کے مطابق اس سے ایک رو ز قبل یہ تعداد ڈیڑھ لاکھ تھی۔
کیلی فورنیا ہائی وے پٹرول نے ٹوئٹر پر کہا کہ سڑکیں بہت پھسلواں ہیں اس لیے آہستہ چلیں تاکہ انٹر اسٹیٹ روٹ 80 کو کھلا رکھا جا سکے ۔ متعدد دوسری شاہراہیں بھی کھول دی گئیں ۔
سیرانواڈ کےبلند علاقےا اور میمتھ مؤنٹین اسکی ایریا میں چار فٹ یا ایک اعشاریہ دو میٹر تک برف جمع ہو چکی ہے جس کے نتیجے میں چئیر لفٹ کھولنے میں طویل التوا ہو گا ۔
موسمیات کے قومی محکمے کے مطابق سان فرانسسکو میں اندرون شہر میں سال نو کی شام ، 5 اعشاریہ 46 انچ بارش ہوئی جو ریکارڈ کے مطابق 1994 کے بعد دوسری سب سے زیادہ بارش تھی ۔
ٹوئٹر پر پوسٹ کی گئی ویڈیوز میں سان فرانسسکو کی سڑکوں پر بہتے ہوئے مٹیالے پانی کو دکھایا گیا جب کہ اوک لینڈ میں ایک سیڑھی شدید بارش کے نتیجے میں فی الواقع ایک آبشار بن گئی ۔
جنوبی کیلی فورنیا میں سین برنارڈینو اور اورنج کاونٹیز میں متعدد لوگوں کو سیلابی پانیوں میں ڈوبی کاروں سے نکال کر بچایا گیا۔
خشک سالی سے متاثرریاست کیلی فورنیا میں بارش کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔ ریاست کے لیے گزشتہ تین سال ریکارڈ خشک ترین سال رہے ہیں لیکن نمایاں فرق لانے کے لیےاب بھی بہت زیادہ بارشوں کی ضرور ت ہے ۔
سیکرا مینٹو میں موسمیات کے قومی محکمے کی ایک ماہر ، حانا شینڈلر کولی نے کہا ہے کہ یہ ریاست بھر میں ایک ہفتے کے دوران متوقع متعدد طوفانوں میں سے پہلا تھا۔ ہفتے کے روز کا طوفان نسبتاً گرم تھا لیکن رواں ہفتے کا زیادہ سر د ہو گا۔
کولی کا کہنا تھا کہ سیکرا مینٹو میں اس ہفتے کل 4 سے 5 انچ تک بارش ہو سکتی ہے ۔ لاس اینجلس کے علاقے میں موسمیات کے قومی محکمے کے دفتر نے کہا ہے کہ منگل اور بدھ کو جنوبی کیلی فورنیا میں بھی شدید بارشوں کے ایک اورسلسلے کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔
اس رپورٹ کا مواد ایسو سی ایٹڈ پریس سے لیا گیا ہے ۔