کیلی فورنیا: ہائی اسکول میں فائرنگ، دو افراد ہلاک چار زخمی

جنوبی کیلی فورنیا کے اسکول میں جمعرات کو گولیاں چلنے کے واقعے میں زخمی ہونے والے چھ افراد میں سے دو کا اسپتال میں انتقال ہوگیا۔

شوٹنگ کے واقعے کے بعد چھ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جن میں سے ایک کی شناخت مشتبہ حملہ آور کے طور پر گئی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ 16 برس کی ایک لڑکی اور 14 برس کا ایک لڑکا اسپتال میں فوت ہو گیا۔

لوس انجلیس کاؤنٹی شیرف کے محکمے سے تعلق رکھنے والے پولیس اہلکار، کپتان کینٹ ویگنر نے بتایا ہے کہ مشتبہ شخص کو شناخت کر لیا گیا ہے۔ اس 16 برس کے نوجوان کا آج جنم دن تھا۔
اہلکار نے بتایا کہ مشتبہ شخص کی حالت ’’تشویش ناک ہے‘‘۔

ویگنر نے بتایا کہ ہلاک و زخمی ہونے والوں کے والدین کو اطلاع دی جا چکی ہے؛ اور مشتبہ فرد کی گرل فرینڈ اور والدہ اس وقت اسپتال میں ملزم کے ساتھ موجود ہیں۔

ویڈیو میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ مشتبہ شخص نے 45 کیلبر کا نیم خودکار پستول نکالا، اور ویگنر کے بقول، حملہ آور نے گولیاں چلا کر پانچ افراد کو زخمی کر دیا۔

اسلحہ برآمد ہونے پر معلوم ہوا کی پستول میں کوئی مزید کارتوس باقی نہیں بچا تھا۔

گولی چلنے کا یہ واقعہ سانتا کلاریتا کے ’ساگس ہائی اسکول‘ میں صبح سات بج کر 38 منٹ پر پیش آیا، جو لوس انجلیس سے 48کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ہے۔
ایک 14 برس کی لڑکی، 15 سال کا لڑکا اور 14 برس کا ایک اور لڑکا زخمی ہوئے۔

اس سے قبل، ایسو سی ایٹڈ پریس نے خبر جاری کی تھی، جس میں بتایا گیا تھا کہ جمعرات کے روز سانتا کلاریتا کے ساگس ہائی اسکول میں فائرنگ ہوئی، جس میں کم از کم چھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق، سانتا کلاریتا ویلی کے شیرف کے محکمے نے ساگس ہائی اسکول کے علاقے کے تمام اسکول بند کر دیے ہیں۔ یہ علاقہ لوس انجلیس کے شمال مغرب میں تقریباً 48 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

ایسو سی ایٹڈ پریس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شوٹنگ کے واقعے میں کم از کم چھ افراد زخمی ہیں۔


’این بی سی‘ کی ایک مقامی براڈکاسٹ اسٹیشن نے بتایا ہے کہ ’’کئی افراد کے ہلاک و زخمی ہونے کی اطلاع ہے‘‘۔

یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق، آٹھ بج کر 15 منٹ پر پیش آیا۔