کینیڈا کے حکام صوبہ البرٹا کے شہر فورٹ مک مرے میں جنگل کی آگ سے متاثرہ ہزاروں افراد کو جمعہ کی صبح شہر کے شمال میں واقع کیمپوں سے ایک قافلے کی صورت میں نکالا جا رہا ہے۔
حکام نے جمعرات کو آٹھ ہزار افراد کو فضائی مدد سے وہاں سے منتقل کیا اور جمعہ کو بھی یہ کام جاری رکھیں گے جبکہ کاروں سے ذریعے بھی متاثرین کو جنوبی حصے میں منتقل کیا جائے گا۔
البرٹا صوبے کی حکومت نے ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا ہے اور کہا ہے 1,100 سے زائد آگ بجھانے کے عملے، 145 ہیلی کاپٹروں، 138 بھاری آلات اور 22 فضائی ٹینکروں کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔
مگر جنگلی آگ کی روک تھام کے محکمے سے تعلق رکھنے والے چاڈ موریسن کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے کے لیے بارش کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ فضائی ٹینکر اس آگ کو نہیں بجھا سکتے اور خشک سالی کے باعث آگ اس وقت تک پھیلتی رہے گی جب تک قابل ذکر مقدار میں بارش نہیں ہوتی۔
آگ بڑھتی جا رہی ہے اور فورٹ مک مرے سے دور جا رہی ہے تاہم اس کے پھیلاؤ کی شرح میں کمی آئی ہے۔ موسمیاتی پیش گوئی کے مطابق ہفتے کی شام تک فورٹ مک مرے میں بارش والے بادل آنے کا کوئی امکان نہیں جبکہ ہفتے کی شام بارش کا 40 فیصد امکان ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کینیڈا کے ایک تیل پیدا کرنے والے علاقے کے وسط میں واقع فورٹ مک مرے سے 80 ہزار افراد کو منتقل کیا جا چکا ہے۔
آگ سے متاثرہ لگ بھگ 25 ہزار افراد کو شمال کی جانب منتقل کیا گیا جہاں تیل کے کارکنوں کے کیمپوں میں انہیں ٹھہرایا گیا جبکہ باقی رہنے والے بیشتر افراد جنوب کی طرف چلے گئے ہیں۔
اب حکام سب متاثرین کو جنوب کی جانب منتقل کر رہے ہیں تاکہ انہیں بہتر سہولتیں دی جا سکیں۔
جنگل میں یہ آگ اتوار کو لگی تھی جس نے بدھ تک 24710 ایکڑ پر محیط جنگل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔