پاکستانی کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخواہ کے جنوبی ضلع لکی مروت میں جمعرات کی شام ایک گاڑی میں بم دھماکے سے کم ازکم چار افراد ہلاک ہو گئے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق یہ واقعہ کوٹ کشمیر کے قصبے میں واقع چنڈوخیل کے پل کے قریب پیش آیا۔
مقامی پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق مرنے والے اندرون ملک بے گھر ہونے والے افراد تھے جو اس گاڑی پر سوار تھے۔
جمعرات کو پیش آنے والا دہشت گردی کا یہ تازہ ترین واقعہ ہے۔ گزشتہ اتوار کو لاہور میں ایک پارک میں ہونے والے خودکش بم دھماکے میں بچوں اور خواتین سمیت 70 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
پاکستانی حکام ان حملوں کو ملک میں دہشت گردوں کے خلاف جاری سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کا ردعمل قرارد دیتے ہیں۔
پاکستان میں فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملک بھر میں انسداد دہشت گردی کے قومی لائحہ عمل کے تحت کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں جن سے دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔
تاہم اب بھی عسکریت پسند اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور جہاں بھی اُنھیں موقع ملتا ہے وہ عام شہریوں اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بناتے ہیں۔