رمضان المبارک میں روزوں کے بعد عید کو اللہ کی طرف سے انعام کہا گیا ہے۔پردیس میں بسنے والے پاکستانی جہاں عید پر اپنے وطن اور پیاروں کو یاد کرتے ہیں ، وہیں اپنی روایات سے جڑے رہنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔
واشنگٹن ڈی سی کی ہمسایہ ریاست ورجینیا کے علاقے سپرنگ فیلڈ میں منعقد کی گئی اس چاند رات میں سبھی کچھ تھا۔ خواتین کے لیے جدید کپڑے، بناؤ سنگھار کے لیے دیدہ زیب زیورات اور مہندی کے سٹالز، جہاں چھوٹی بچیوں سے بڑی خواتین تک سبھی عید کی مناسبت سے مہندی لگواتی دکھائی دے رہی تھیں۔
http://www.youtube.com/embed/4rjRDiqt2lU
اس چاند رات کی خاص بات پاکستان سے منگوائے گئے جدید تراش خراش کے ملبوسات تھے۔ یہاں پر رہنے والی خواتین ان کپڑوں میں خاص دلچسپی لیتی دکھائی دیں۔
چاند رات کے اس میلے میں آئے ہوئے لوگوں نے اس تقریب کو سراہتے ہوئے اپنے وطن کی یاد بھی تازہ کی۔چاندرات میلے میں شریک ایک خاتون نگہت ڈار کا کہناتھا کہ مجھے ایسے لگ رہا ہے جیسے میں پاکستان میں ہی ہوں۔ مجھے محسوس نہیں ہوا کہ یہ الگ جگہ ہے کیونکہ پاکستانی لوگ ہیں، ویسے ہی زرق برق کپڑے پہنے ہوئے ہیں اور رونق لگی ہوئی ہے۔
وحید قریشی کا کہناتھا کہ رمضان کے بعد یہاں کچھ اچھے سٹال لگے ہوئے ہیں۔ یہ پاکستانی کمیونٹی کے لیے بڑا اچھا ہے۔ یہ ایک اسلامی تہوار بھی ہے جس میں ہم پاکستانیوں کو اکھٹاہونے کا موقع ملتا ہے۔
اس گہماگہمی اور رونق کا مقصد جہاں پردیس میں پاکستانیوں کو اکٹھا کرنا تھا وہیں پاکستان کی ایک پرانی روایت چاند رات کی یاد تازہ کرنا بھی تھا۔