حکومت کیوبا کی ایک ویب سائٹ پر وینی زویلا کے علیل صدر ہیوگو شاویز کی وڈیو پوسٹ کی گئی ہے ، جوسرطان کی سرجری کے بعد ہوانا کے ایک اسپتال میں داخل ہیں۔
cubadebate.cuنامی ویب سائٹ پر موجود چار منٹ کی اِس وڈیو میں مسٹر شاویز کو عمارت کے باہر چلتا پھرتا اور متعدد افراد سے باتیں کرتا دکھایا گیا ہے، جن میں اُن کی بیٹیاں روزا اور ماریا گیبریلا بھی شامل ہیں۔
چھپن برس کے شاویز نحیف لگ رہے ہیں، تاہم اُنھیں ملاقات کے لیے آنے والوں کے ساتھ، جِن میں وِنزویلا کے وزیرِ خارجہ نکولس مادورو شامل ہیں، ہنسی مذاق کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے ۔
یہ وڈیو اتوار کے روز جاری کی گئی ہے۔
جمعرات کو ایک ٹیلی ویژن تقریر میں مسٹر شاویز نے اعلان کیا کہ کیوبا میں جراحی کے عمل کے ذریعے اُن کے سرطان زدہ خلیوں کو ہٹا دیا گیا۔ تاہم، اُنھوں نے یہ نہیں بتایا کہ اُنھیں کس نوعیت کا کینسر لاحق تھا۔ لیڈر کس قدر علیل ہیں اس بارے میں سوالات موجود ہیں۔
صدر کے حامیوں نے اسپین سے ملک کی آزادی کے 200سالہ جشن کے موقعے کی مناسبت سے اتوار کو وینی زویلا کے دارالحکومت میں نکلنے والے جلوس کے دوران جھنڈے لہراے اور شاویز زندہ باد کے نعرے لگائے۔