بھارتی کشمیر کے وزیر اعلیٰ مفتی سعید انتقال کر گئے

مفتی محمد سعید (فائل فوٹو)

بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے متعدد ٹویٹ پیغامات میں مفتی سعید کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مفتی سعید قائدانہ صلاحیتوں کے مالک تھے اور ان کے جانے کے بعد جموں کشمیر میں ایک خلا پیدا ہو گیا ہے۔

بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے سینئر سیاستدان اور وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید جمعرات کو انتقال کر گئے، ان کی عمر 79 سال تھی۔

وہ بھارت کے دارالحکومت دہلی کے ایک اسپتال میں گزشتہ ایک ہفتے سے زیر علاج تھے۔

گزشتہ سال نومبر میں انھوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ مل کر مخلوط حکومت تشکیل دی اور دوسری مرتبہ بھارتی کشمیر کے وزیر اعلیٰ منتخب ہوئے۔

اس سے قبل وہ 2002 سے 2005 تک بھی بطور وزیر اعلیٰ فرائض انجام دے چکے تھے جبکہ مفتی سعید 1989 سے 1990 تک بھارت کے وزیر داخلہ بھی رہے۔

مفتی سعید جموں کشمیر ڈیموکریٹک پارٹی' پی ڈی پی' کے بانی تھے اور انہوں نے یہ جماعت 1999 میں بنائی تھی جس کا مقصد "بھارتی حکومت کو کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے کشمیریوں کے ساتھ غیر مشروط مذکرات پر قائل کرنا تھا" ۔

پی ڈی پی کی قیادت اب ان کی بیٹی محبوبہ مفتی کر رہی ہیں اور اس بات کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ وہ بھارت کے زیر انتظام کمشیر کی آئندہ وزیر اعلیٰ ہو سکتی ہیں۔

بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے متعدد ٹویٹ پیغامات میں مفتی سعید کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مفتی سعید قائدانہ صلاحیتوں کے مالک تھے اور ان کے جانے کے بعد جموں کشمیر میں ایک خلا پیدا ہو گیا ہے۔

بھارت کے زیر انتظام جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی ایک پیغام میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مفتی سعید کے خاندان سے تعزیت کی۔