اسلام آباد —
چلی میں زلزلے کے شیدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں جن کی شدت ایکٹر اسکیل پر سات اعشاریہ چھ ریکارڈ کی گئی ہے ۔
جھٹکے ملک کے شمال وسطی ساحلی علاقوں میںمحسوس کئے گئے ہیں تاہم فوری طور پرکسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔
امریکہ کے جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز چلی کے ساحلی علاقے کوکمبو سے تقریباً7 کلومیٹر جنوب مغرب میں 53 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔
ایک عینی شاہد نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ زلزلے سے ساحلی علاقے لا سیرینا میں عمارتوں اور بجلی کے نظام کو معمولی نقصان پہنچا۔
امریکہ کے سونامی وارننگ سینٹر کا کہنا ہے کہ کسی تباہ کن سونامی کا خطرہ نہیں۔
چلی کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں تباہ کن زلزلے آتے رہتے ہیں۔ 2010ء میں 8.8 شدت کے زلزلے سے کم از کم پانچ سو سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔