چین کے ایک عہدیدار نے جمعرات کو بتایا کہ امدادی ٹیموں نے کوئلے کی کان میں پانی بھرنے سے مرنے والے 21 مزدوروں کی لاشیں نکال لی ہیں۔
اتوار کو ہونے والے اس حادثے کے بعد کئی دن تک کان کنوں کو بچانے کی سر توڑ کوششیں کی گئیں۔ جمعرات کو ڈیٹونگ شہر کے ایک حکومتی اہلکار جس نے اپنا نام صرف مینگ بتایا، نے مرنے والوں کی تعداد کی تصدیق کی۔
اتوار کی شب جب پانی کان کے اندر بھرنا شروع ہوا تو کان میں 247 مزدور کام کر رہے تھے۔
ان میں سے 223 بحفاظت باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے جبکہ پھنسے ہوئے کان کنوں میں سے تین کو بچا لیا گیا جو اب اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
شمالی شہر ڈیٹونگ کے قریب واقع جیانگ جیون کان کے اندر سے پانی پمپ کے ذریعے باہر نکالنے اور کان کی سطح پر سوراخ کرنے کے کام میں 600 سے زائد امدادی کارکنوں نے حصہ لیا۔
ایسے حادثات عموماً اس وقت رونما ہوتے ہیں جب کان کے متروک حصوں جن میں وقت کے ساتھ پانی بھر چکا ہو میں شگاف پیدا ہو جائے۔
چین میں بہتر حفاظتی اقدامات اورمعیشت میں سستی کے نتیجے میں کوئلے کی پیداوار میں کمی کی وجہ سے ایسے حادثات کی تعداد میں ڈرامائی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔