چین نے مقامی طور پر تیار کردہ پہلا بڑا مسافر طیارہ متعارف کرادیا ہے۔ اس طیارے کی تیاری کے بعد اب چین دو پڑي کمپنیوں، بوئنگ اور ایر بس، سے عالمی منڈی تک رسائی کے لیے مقابلہ کرے گا۔
چین کی "کمرشل ایئرکرافٹ کارپوریشن" کا تیار کردہ "سی 919" جیٹ لائنر کا ابتدائی ماڈل منگل کے روز چینی شہر زوہوئی میں جاری ایک ایئر شو میں نمائش کیلیے پیش کیا گیا۔
چینی طیارہ ساز کمپنی کا کہنا ہے کہ اسے تین مقامی ایئرلائنرز- ایئر چائنا، چائنا سدرن ایئر لائنز اور چائنا ایسٹرن ایئر لائنز – کی جانب سے سو "سی 919" طیارے فراہم کرنے کے آرڈر بھی موصول ہوگئے ہیں۔
150 مسافروں کی گنجائش کا حامل چینی ساختہ جیٹ لائنر یورپین طیارہ ساز کمپنی ایئر بس کے تیار کردہ "اے-320" اور امریکی ساختہ "بوئنگ 737" کے متبادل کے طور پر متعارف کرایا گیا ہے۔
چینی طیارہ ساز کمپنی کا کہنا ہے کہ نئے جہاز کی پہلی آزمائشی پرواز 2014 میں کی جائے گی جس کے دو سال بعد سے طیارے کی کمرشل بنیادوں پر فراہمی شروع کردی جائے گی ۔
چینی کمپنی کو امید ہے کہ وہ دنیا بھر کی ایئرلائنز کو آئندہ بیس سالوں کے دوران "سی 919" ماڈل کے دو ہزار طیارے فروخت کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔
اس سے قبل "کمرشل ایئر کرافٹ کارپوریشن آف چائنا" کو اپنے تیار کردہ ایک چھوٹے مسافر بردار طیارہ "اے آر جے-21" کیلیے دنیا بھر سے ریکارڈ آرڈر موصول ہوئے تھے۔ "اے آر جے-21" کے خریداروں میں طیاروں کی لیزنگ فراہم کرنے والی معروف امریکی کمپنی "جی ای کیپٹل ایوی ایشن سروسز" بھی شامل ہے۔