چین: دریا کے کنارے 21 بچوں کی لاشیں دستیاب

چین: دریا کے کنارے 21 بچوں کی لاشیں دستیاب

پیروں پر بندھے شناخت کے لیبل ظاہر کرتے ہیں کہ وہ بچّے کبھی جِن اِنگ میڈیکل کالج کے ہسپتال میں تھے۔

چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ مشرقی چین میں ایک دریا کے کنارے پر 21 شِیر خوار بچوں کی لاشیں ملی ہیں۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی سِنہوا نے منگل کے روز اطلاع دی ہے کہ 21 میں آٹھ بچوں کے پیروں پر اُن کی شناخت کے لیبل بندھے ہوئے ہیں، جن سے پتا چلتا ہے وہ بچّے کبھی صوبہ شان تُنگ میں جِن اِنگ میڈیکل کالج کے ہسپتال میں تھے۔

مقامی لوگوں کو بچوں کی یہ لاشیں جن اِنگ شہر کے مضافات میں ملی تھیں۔ حکام نے کہا ہے کچھ لاشیں ہسپتال کے کوڑے کے لیے مخصوص تھیلوں میں بند تھیں۔

عہدے داروں کا کہنا ہے یہ لاشیں ہوسکتا ہے کہ ساقط کیے جانے والے حملوں کا نتیجہ ہوں یا پھر یہ بیماریوں کے باعث فوت ہونے والے بچوں کی لاشیں ہیں۔

اس واقعے کی چھان بین جاری ہے اور اس دوران ہسپتال کے طبّی عملے کے متعدد ارکان کو معطّل کردیا گیا ہے۔

سرکاری اعدادو شمار سے پتا چلتا ہے کہ چین میں ہر سال کم سے کم ایک کروڑ 30 لاکھ حمل ساقط کیے جاتے ہیں۔