پاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی چینی حکام کی دعوت پر بدھ کو پانچ روزہ دورے پر بیجنگ کے لیے روانہ ہوئے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ چین میں قیام کے دوران جنرل کیانی چینی سیاسی و فوجی قیادتوں سے ملاقاتیں کریں گے۔
’’بات چیت سلامتی اور دفاع سے متعلق پاک چین تعلقات کے ہرپہلوکا احاطہ کرے گی۔‘‘
پاکستان نےگزشتہ سال کے اواخر میں چین کے ساتھ انسداد دہشت گردی کی مشترکہ مشقوں کی میزبانی بھی کی تھی اور دنوں ملکوں کے درمیان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قریبی تعاون جاری ہے۔
چین کے خطے شن جیانگ میں یغور مسلمان عسکریت پسندوں کے خلاف چینی حکام کی کوششوں میں پاکستان خفیہ معلومات کا تبادلہ کررہا ہے کیونکہ مبینہ طور پر ان انتہا پسندوں کے پاکستان میں کالعدم تنظیموں کے ساتھ رابطے ہیں۔ شن جیاگ کی سرحد پاکستان سے بھی ملتی ہیں۔