چین میں کم ا ز کم سو افراد تودے تلے دب گئے

چین کے جنوب مشرقی علاقوں میں بارشوں کے باعث مٹی کا تودا گرنے سے ایک سو سے زائد افراد تودے تلے د ب گئے ہیں، جن کی تلاش کا عمل جاری ہے۔ حکام کے مطابق متاثرہ صوبے گوئیژو (Guizhou) میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں لیکن بارشوں کے باعث پھنسے ہوئے لوگوں کی تلاش میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

تاحال یہ واضح نہیں کہ تودے تلے دبنے سے کتنے افراد ہلاک ہوئے ہیں تاہم امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ ان کے زندہ بچنے کی اُمید کم ہے۔

اس ماہ چین میں بارشوں، سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے کے حادثات میں 230 سے زائد افراد ہلاک جب کہ تقریباً ایک سو لاپتہ ہو چکے ہیں۔ ان بارشوں سے لاکھوں افراد بے گھر بھی ہوئے ہیں۔

1998ء میں چین میں آنے والے سیلاب، جس میں 3,500 سے زائد افرا د ہلاک ہو گئے تھے، کے بعد یہ سب سے ہلاکت خیز بارشیں قرار دی جارہی ہیں۔