جنوبی سوڈان امن کار فورس، چین 1800 فوجی بھیجے گا

فائل

چین کی وزارت خارجہ کی طرف سے منگل کو یہ بیانات سامنے آئے جب ’وال اسٹریٹ جرنل‘ میں یہ رپورٹ شائع ہوئی کہ جنوبی سوڈان کے تیل کی فیلڈز، چینی کارکنوں اور اُن کے گِرد کی تنصیبات کی حفاظت کے لیے چین فوجیوں کو تعینات کر رہا ہے

جنگ زدہ جنوبی سوڈان کے لیے اقوام متحدہ کے امن کار مشن کی تعیناتی کے سلسلے میں، چین سینکڑوں کی تعداد میں اپنے فوجی روانہ کرے گا، جہاں چینی کمپنیوں کے تیل کے شعبے میں اہم مفادات وابستہ ہیں۔

چین کی وزارت خارجہ کی طرف سے منگل کو یہ بیانات سامنے آئے جب ’وال اسٹریٹ جرنل‘ میں یہ رپورٹ شائع ہوئی کہ جنوبی سوڈان کے تیل کی فیلڈز، چینی کارکنوں اور اُن کے گِرد کی تنصیبات کی حفاظت کے لیے چین فوجیوں کو تعینات کر رہا ہے۔

سوالات کا جواب دیتے ہوئے، وزارت خارجہ کی خاتون ترجمان ہُوا چُن ینگ نے تیل یا چینی اداروں کے بارے میں کوئی بات نہیں کی۔ اُن کا کہنا تھا کہ چین کا مقصد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مقاصد کا حصول اور خطے کی تعمیر کو فروغ دینا ہے۔


ہُوا نے کہا کہ چین پہلے ہی جنوبی سوڈان میں 1800 امن کار تعینات کر چکا ہے، جب کہ ملک میں اقوام متحدہ کے مشن کے ترجمان، جو کنتریراس نے کہا ہے کہ چین اپنے 700 فوجی روانہ کرنا چاہتا ہے، جن میں سے ابھی کوئی بھی نہیں پہنچا۔

اِس بے ربطی کے بارے میں فوری طور پر کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی۔

’وال اسٹریٹ جرنل‘ نے کہا ہے کہ چین کی ’نیشنل پیٹرولیم کارپوریشن‘ کی جنوبی سوڈان کی تیل کی فیلڈز کو چلانے کے بارے میں مشترکہ کاروبار میں 40 فی صد کی شراکت داری ہے، جب کہ یہ ادارہ 1000 کلومیٹر طویل تیل کی برآمدی پائپ لائن چلاتا ہے، جہاں سے ہمسایہ سوڈان کو خام تیل بھیجا جاتا ہے۔

صدر سالوا کیر اور اُن کے سابق معاون، رِک مچار کے درمیان جاری سیاسی تنازع کے باعث پیدا ہونے والی کئی ماہ سے جاری کشیدگی کے نتیجے میں تیل کی پیداوار بری طرح سے متاثر ہوئی ہے۔


نسلی تشدد اور حکومت کے حامی اور مخالف فوجیوں کے درمیان ہونے والی لڑائی کے نتیجے میں دسمبر سے اب تک انداز ً 10000افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جب کہ 10 لاکھ سے زیادہ افراد جنوبی سوڈان سے نقل مکانی پر مجبور ہوچکے ہیں۔

گذشتہ ماہ، ملک کی اتحادی ریاست کے دارالحکومت، بینٹئو میں اقوام متحدہ کا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا، جس واقعے میں روس کا تین افراد کا عملہ ہلاک، جب کہ ایک زخمی ہوا۔ اقوام متحدہ کے مشن نے منگل کو بتایا کہ تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ ہیلی کاپٹر کو گولیاں لگی تھیں۔ حالانکہ، مشن کے مطابق، یہ کہنا ’قبل از وقت ہوگا‘ آیا اس واقعے میں کون ملوث تھا۔

اس سے قبل اِسی سال، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے یہ قرارداد منظور کی جس میں جنوبی سوڈان میں اقوام متحدہ کی فورس کی تعداد 7000سے بڑھا کر 12500 کردی ہے۔ چین کی خاتون ترجمان، ہُوا نے منگل کے روز بتایا کہ اِسی قرارداد کی رو سے، ’چین نے مزید افراد تعینات کرنے اور اِس صورت حال میں اپنا زیادہ حصہ ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے‘۔

خیال کیا جاتا ہے کہ اقوام متحدہ کی امن کار فورس میں چین کے فوجیوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ مارچ، 2013ء میں چین نے مالی کے لیے 300 امن کار روانہ کیے۔