بالی ووڈ فلموں میں بڑھتی ہوئی بے باکی اب کوئی نئی بات نہیں رہی ہے۔ ان فلموں کا ٹرینڈ ہی کچھ اس طرح کا ہوگیا ہے کہ بغیر 'ہاٹ اینڈ بولڈ سین' کے فلم کو ادھورا سمجھا جاتا ہے۔ہوسکتا ہے پچھلے زمانے میں اس بے باکی کا ذکر کرناکوئی فلمساز پسند بھی نہ کرتا ہولیکن بالی ووڈ پروڈیوسر سنیت اروڑا کا دعویٰ ہے کہ ان کی آنے والی فلم " چت کبرے" اب تک پیش کی گئی ہندی فلموں کے بولڈ مناظرکار یکارڈ ٹوڑ دے گی۔
سنیت کا کہنا ہے کہ فلم بینوں نے ابھی تک جتنی بھی مصالحہ فلمیں دیکھی ہوں گی ، چت کبرے' کا وہ صرف دس فیصد بنتی ہیں۔فلم آئندہ جمعہ یعنی 26اگست کو ریلیز ہورہی ہے لیکن سوشل ویب سائٹس پر اس فلم پرگرما گرم بحث چھڑی ہوئی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ "چت کبرے" کئی بین الاقوامی فلم فیسٹیولز میں نمائش کے لئے پیش کی جاچکی ہے اور سب جگہ اسے سراہا گیا ہے۔ فلم کے بارے میں ایک اور رائے یہ بھی ہے کہ یہ صحیح معنوں میں بالی ووڈ کی پہلی ایسی فلم ہوگی جسے صرف بالغ افراد ہی دیکھ سکیں گے۔
فلم کے ہیرو بھوج پوری فلموں کے سپراسٹار روی کشن ہیں۔ فلم میں روی کے بھی کئی ہاٹ سین ہیں ۔ یہی نہیں بلکہ اداکار جان ابراہم اور نیل مکیش کے نقش قدم پر چلتے ہوئے روی کشن نے "چت کبرے" میں عریاں مناظر بھی فلمبند کرائے ہیں۔
چت کبرے ٹیکنالوجی کی بدولت دن بدن سکڑتی دنیا میں رشتوں کے الجھاوٴ کی کہانی ہے ۔فلم کی ہیروئن یوکرائن کی اداکارہ سویت لانا مانو یلو ہیں۔ فلم میں انہوں نے ایک مغرور امریکی لڑکی کا رول ادا کیا ہے جس کی شادی ایک بھارتی لڑکے سے ہوجاتی ہے لیکن بعد میں یہی شادی اس کے لئے جینے مرنے کا سبب بن جاتی ہے۔
"چت کبرے" بنیادی طور پر سات نوجوان جوڑوں کی کہانی ہے ۔ ساتوں جوڑوں پر پکچرائز کئے جانے والے بولڈ سین کیا گل کھلائیں گے یہ آپ خود اندازہ لگاسکتے ہیں۔