رسائی کے لنکس

'راگنی ایم ایم ایس' ریلیز ہوگئی


'راگنی ایم ایم ایس' ریلیز ہوگئی
'راگنی ایم ایم ایس' ریلیز ہوگئی

ٹی وی کی 'مہارانی' کہی جانے والی ایکتا کپور کی اس وقت سب سے بڑی خواہش یہ ہے کہ جمعہ کوریلیز ہونے والی ان کی نئی فلم ’راگنی ایم ایم ایس’ کسی بھی طرح ہٹ بلکہ سپرہٹ ہوجائے۔ یوں بھی جس دن سے اس فلم کی میکنگ شروع ہوئی ہے ان کے پی آر او فلم کی تشہیر کچھ اس انداز میں کررہے ہیں کہ دیکھنے اور پڑھنے والوں میں بلا کا اشتیاق پیدا ہوگیا ہے۔

فلم بین یہ جاننے کے لئے بے تاب ہیں کہ آخر دہلی میں رہنے والی جس لڑکی دپیکا کی حقیقی زندگی پر یہ فلم بنی ہے اس کے ساتھ کون سے ایسے واقعات پیش آئے تھے کہ جن کی شہرت کے خوب ڈنکے پیٹے گئے۔ دپیکا دہلی پبلک اسکول کی طالبہ تھی جس کے ساتھ پہلے عجیب و غریب واقعات پیش آئے اور پھر اسے قتل کردیا گیا۔ اس قتل کو اخبارات نے خوب بڑھا چڑھا کر پیش کیا۔ اس کیس کی شہرت سے متاثر ہوکر ہی ایکتا کپور نے اس حقیقی واقعے پر فلم بنائی ہے۔

حال ہی میں ایکتا کی اس فلم کے ساتھ ایک اور نئی بات شامل ہو گئی ہے۔ گزشتہ پیر کو جب ایکتا اس فلم کے پرنٹ نکلوانے کے لئے اسٹوڈیو پہنچیں تو انہیں معلوم ہوا کہ پرنٹر ہی خراب ہے۔ بس تبھی انہوں نے اپنے 'بالا جی' کو یاد کیا اور دعا مانگی کہ پرنٹر جلد ٹھیک ہوجائے تو اس فلم میں' ہنومان چالیسا کا پاٹھ' ڈالوائیں گی۔

منت ماننے کی دیر تھی کہ دعا پوری ہوگئی۔ ایکتا نے فوراً ہی ہنومان چالیسا کو سکھ دیو چترویدی کی آواز میں ریکارڈ کرایا اور اسے فلم کے ابتدا میں ہی ایڈکروادیا۔ اب فلم دیکھنے والوں کو فلم سے پہلے ہنومان چالیسا دیکھنے اور سننے کو ملے گا۔

'راگنی ایم ایم ایس' میں جدید فلموں کاتمام 'مصالحہ' موجود ہے۔ متنازعہ موضوع، فحش مناظر، ڈراوٴنے منظر اور تھرلز۔۔۔! اب دیکھنا یہ ہے کہ یہ ساری چیزیں فلم کو کامیاب بنانے میں کس حد تک مدد گار ثابت ہوتی ہیں۔

بھارت میں یہ فلم نوجوانوں میں ایک طرح کا کریز لے کر ریلیز ہورہی ہے اس لئے امید کی جاسکتی ہے کہ فلم بمپر اوپننگ دے سکتی ہے۔

فلم کو چھ کیمروں پر شوٹ کیا گیا ہے جبکہ اس کا شوٹنگ شیڈول 25 دنوں میں مکمل ہوا ہے۔

فلم کی کاسٹ بالکل نئی ہے۔ کیناز موتی والا نے راگنی جبکہ راج کمار یادو نے اددے کا کردار ادا کیا ہے۔ ڈائریکٹر پون کرپالانی اور پروڈیوسر ایکتا کپور اور شوبھا کپور ہیں۔

XS
SM
MD
LG