کولمبیا: فوج کی کارروائی میں 18 ’باغی‘ ہلاک

فوج کے مطابق یہ کارروائی ’ریوولوشنزی آرمڈ فورسز آف کولمبیا‘ یعنی ’ایف اے آر سی‘ نامی گروپ کے خلاف ملک کے مغربی علاقے میں کی گئی۔

کولمبیا کی فوج کی کارروائی میں بائیں بازو کے باغی گروپ کے 18 اراکین ہلاک ہو گئے۔

فوج کے مطابق یہ کارروائی ’ریوولوشنزی آرمڈ فورسز آف کولمبیا‘ یعنی ’ایف اے آر سی‘ نامی گروپ کے خلاف جمعرات کو کی گئی۔

حکام کے مطابق یہ کارروائی کولمبیا کے مغربی علاقے کاؤکا میں کی گئی، جسے ’ایف اے آر سی‘ کا مضبوط گڑھ تصور کیا جاتا ہے۔ یہ علاقہ منشیات کی اسمگلنگ کے لیے بھی استعمال ہوتا ہے۔

باغی گروپ اور حکومت کے درمیان دو سال قبل ہونے والی امن بات چیت کے آغاز کے بعد یہ سب سے مہلک فضائی کارروائی تھی۔

کولمبیا کے صدر خوان مانوئل سانتوس نے گوریلا جنگ میں مصروف باغیوں کے خلاف فضائی کارروائیوں پر عائد عارضی پابندی گزشتہ ماہ اُٹھا دی تھی۔

یہ فیصلہ مبینہ طور پر باغیوں کے ایک حملے میں دس فوجیوں کی ہلاکت کے بعد کیا گیا۔

’ایف اے آر سی‘ 1960ء کی دہائی کے وسط سے کولمبیا کی حکومت کے خلاف لڑائی میں مصروف ہے۔ اس لڑائی میں دو لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔