بھارتی پولیس کی جانب سے حال ہی میں نئی دہلی میں منعقد ہونے والی کامن ویلتھ گیمز کے کئی منتظمین کے گھروں پر بدعنوانی کے الزامات کی تفتیش کیلئے چھاپے مارے گئے ہیں۔
بھارتی پولیس کے سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن سے وابستہ اہلکاروں کی جانب سے گیمز کے انعقاد میں مبینہ گھپلوں کے الزامات کی تحقیقات کیلئے کھیلوں کے گیارہ منتظمین کی رہائش گاہوں پر منگل کے روز چھاپے مارے گئے۔
جن حکام کے گھروں پر چھاپے مارے گئے ان میں کھیلوں کی آرگنائزنگ کمیٹی کے اعلیٰ ترین عہدیداران للیت بھنوٹ اور وی کے ورما بھی شامل ہیں۔
آرگنائزنگ کمیٹی کے تین دیگر ٰ عہدیدار کھیلوں کے بجٹ میں 8ء 1 ارب ڈالرز سے زائد کے غبن کے الزامات کے تحت پہلے ہی پولیس کی حراست میں ہیں جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔ کئی روز تک جاری رہنے والے کھیلوں کے عالمی مقابلے پر 6 ارب ڈالرز سے زائد اخراجات ہوئے تھے۔
بھارتی دارالحکومت میں اکتوبر کے مہینے میں منعقد ہونے والے کھیلوں کے اختتام کے بعد بھارتی سرکار کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات کے دوران گیمز کیلئے مختص بجٹ میں بڑے پیمانے پر گھپلے سامنے آئے تھے۔ تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ منتظمین کی جانب سے ایونٹ کیلئے اسٹیڈیمز، کھلاڑیوں کی رہائش گاہوں اور دیگر متعلقہ عمارات کی تعمیر کیلئے گھٹیا معیار کا مٹیریل استعمال کیا گیا تھا۔