امریکہ میں کروناوائرس کے مریضوں کی تعداد ایک ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے جس کے بعد دفاتر اور تعلیمی ادارے بند، کاروباری سرگرمیاں محدود، کھیلوں کے مقابلے ملتوی اور ثقافتی تقریبات منسوخ کی جا رہی ہیں۔
نیویارک میں کروناوائرس کو کنٹرول کرنے کے لیے شیڈول کانفرنس کرونا وائرس کی وجہ سے منسوخ کردی گئی ہے۔ وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ریاست واشنگٹن نے سیاٹل میں 250 سے زیادہ افراد کے اجتماع پر پابندی لگادی گئی ہے۔ اس پابندی سے چالیس لاکھ آبادی متاثر ہوگی۔
امریکی حکومت اس بارے میں سوچ بچار کر رہی ہے کہ ہنگامی صورتحال میں 21 لاکھ سرکاری ملازمین کو کیسے دفاتر سے دور گھر سے کام کرنے کے قابل بنایا جائے۔ بدھ کو امریکی انتظامیہ کے حکام ٹیکنالوجی کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ کئی سرکاری اداروں میں پہلے ہی ٹیلی ورک کا آغاز کیا جا چکا ہے، جبکہ سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے اپنے تمام عملے کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔
صدر ٹرمپ نے سینیٹرز سے ملاقات کی ہے جس میں ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ بڑھانے، تنخواہوں میں ٹیکس گھٹانے اور بیمار ہوجانے والوں کو تنخواہ کے ساتھ چھٹی دینے پر غور کیا گیا۔
بعض تجزیہ کار خدشہ ظاہر کر رہے ہیں کہ کرونا وائرس کی وجہ سے نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخاب کی ووٹنگ متاثر ہو سکتی ہے۔ ڈیموکریٹ سینیٹر رون ویڈن نے تجویز پیش کی ہے کہ ریاستوں کو 50 کروڑ ڈالر کا فنڈ فراہم کیا جائے، تاکہ وہ ڈاک کے ذریعے ووٹنگ کا انتظام کر سکیں۔
منگل کو جو بائیڈن اور برنی سینڈرز کی اوہایو کے شہر کلیولینڈز میں الگ الگ سیاسی ریلیاں تھیں۔ پیر کو ریاست میں کرونا وائرس کے پہلے کیسز کی تصدیق ہوئی اور ان تمام کا تعلق کلیولینڈز سے تھا۔ اس کے بعد دونوں امیدواروں نے اپنی ریلیاں منسوخ کردی تھیں۔
کرونا وائرس کی وجہ سے کیلی فورنیا میں اپریل میں ہونے والے کوچیلا میوزک اینڈ آرٹس فیسٹول اور اسٹیج کوچ میوزک فیسٹول ملتوی کردیے گئے ہیں۔ منتظمین نے کہا ہے کہ یہ ایونٹ اب اکتوبر میں ہوں گے۔
اوہایو ہی میں ڈیٹن یونیورسٹی کی انتظامیہ نے طلبہ سے کہا کہ وہ کرونا وائرس کے خدشے پر کیمپس چھوڑ دیں۔ طلبہ نے یہ ہدایت ماننے سے انکار کر دیا جس کے بعد یونیورسٹی میں ہنگامہ ہوا اور پولیس کو آنسو گیس استعمال کرنا پڑی۔
امریکہ کی ٹرانسپورٹیشن سیکورٹی ایڈمنسٹریشن کے تین اہلکار بدھ کو سان ہوزے ائیرپورٹ پر کرونا وائرس میں مبتلا پائے گئے جس کے بعد ان کا علاج شروع کردیا گیا جبکہ گزشتہ 14 دن میں ان سے رابطہ رکھنے والے عملے کے تمام ارکان گھروں تک محدود ہوگئے ہیں۔
نیویارک شہر کے مضافاتی علاقے نیوروشیل میں کرونا وائرس کے زیادہ کیسز سامنے آنے کے بعد انتظامیہ نے سکول، عبادت گاہیں اور اجتماع کے دوسرے مراکز کو دو ہفتے کے لیے بند کر دیا ہے اور خوراک کی فراہمی اور وائرس پر قابو پانے میں مدد کے لیے نیشنل گارڈز کو طلب کر لیا گیا ہے۔