انگلینڈ کے افتتاحی بلے باز ایلسٹر کُک کی شاندار بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا کے خلاف سڈ نی میں کھیلے جانے والے پانچویں اورآخری کرکٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے روزکھیل کے اختتام پر مہمان ٹیم نے سات وکٹوں کے نقصان پر488 رنزبنائے۔
انگلینڈ کو پہلی اننگزمیں 208 رنزکی برتری حاصل ہوگئی ہے۔آسٹریلوی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 280 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔
انگلینڈ کے26 سالہ ایلسٹر کُک 189 رنز بناکر شین واٹسن کی گیند پر مائیکل ہسی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
آسٹریلیا کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچوں میں مجموعی طور پر 766 رنز بنا کروہ کسی ایک ایشز سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے دوسرے انگلش کھلاڑی بن گئے ہیں۔ 1928-29 کی ایشز سیریز میں انگلینڈ کی طرف سے ویلی ہیمنڈ نے 905 رنز بنائے تھے۔
انگلینڈ کی طرف سے این بیل نے بھی شاندار بیٹنگ کرتےہوئے115 رنز بنائے۔ میٹ پرائر 54 پرکھیل رہے ہیں۔ آسٹریلیاکی جانب سے مچل جانسن نے تین وکٹیں لیں۔