بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ سارو گنگولی نے کہا ہے کہ آئندہ ایشیا کپ دبئی میں منعقد ہو گا۔ اس فیصلے سے ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت دونوں ٹیموں کی شرکت یقینی ہو گئی ہے۔
ستمبر میں شیڈول ایشیا کپ کا میزبان پاکستان ہے لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ نے واضح کیا تھا کہ اس کی ٹیم پاکستانی سرزمین پر ٹورنامنٹ نہیں کھیلے گی۔
اس بات کا باقاعدہ اعلان ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں کیا جائے گا جو 3 مارچ کو دبئی میں ہو گا۔
2018 میں ایشیا کپ کا میزبان بھارتی کرکٹ بورڈ تھا۔ لیکن پاکستانی کرکٹرز کے بھارتی ویزے جاری ہونے میں مشکلات کی وجہ سے اسے متحدہ عرب امارات منتقل کر دیا گیا تھا۔ بھارتی بورڈ کا موقف تھا کہ جس طرح بھارت نے ٹورنامنٹ کو نیوٹرل مقام پر منتقل کر دیا تھا، پاکستان کو بھی ایسا کر دینا چاہیے۔
پاکستان اور بھارت نے گزشتہ آٹھ سال سے باہمی سیریز نہیں کھیلی۔ دونوں ٹیمیں صرف ان ٹورنامنٹس میں مقابلہ کرتی ہیں جو آئی سی سی کے زیر اہتمام دوسرے ملکوں میں منعقد کیے جاتے ہیں۔
ایشیا کپ کو اس لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے کہ یہ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ سے کچھ پہلے منعقد ہو گا۔ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا۔