آسٹریلیا نے بھارت کو دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 68 رنز سے شکست دے کر چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں دو صفر سے برتری حاصل کر لی۔
سڈنی میں دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کے چوتھے روز بھارت کی پوری ٹیم 400 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 191 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں آسٹریلیا نے چار وکٹوں کے نقصان پر 659 بنا کر اپنی پہلی اننگز ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
بھارت نے اپنی دوسری اننگز 468 رنز کے خسارے کے ساتھ شروع کی لیکن صرف چار کھلاڑی ہی نصف سنچری بنا سکے۔
بھارت کی طرف سے 83 رنز بنا کر گوتم گمبیر سب سے نمایاں بلے باز رہے جب کہ سچن ٹنڈولکر نے 80 اسکور کیے اور اس میچ میں بھی اپنی سینچریوں کی سنچری نا بنا سکے۔
آسٹریلوی کپتان کلارک نے اپنی ٹیم کی طرف سے 329 رنز کی ناقابل تسخیر اننگز کھیلی۔ اپنی دس گھنٹوں اور سترہ منٹ پر محیط اننگز میں اُنھوں نے 478 گیندوں کا سامنا کیا اور چالیس چوکے لگائے۔ انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
سیریز کا تیسرا میچ 13 جنوری کو پرتھ میں کھیلا جائے گا۔