آل سٹارز ٹی ٹوئنٹی میچ میں وارن واریئرز فاتح

سچن بلاسٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو جیت کے لیے 141 رنز کا ہدف دیا تھا جو وارن واریئرز نے چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

امریکہ میں کرکٹ کے کھیل کو فروغ دینے کے لیے ماضی کے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل دو ٹیمیں یہاں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیل رہی ہیں جس کے ہفتہ کو نیویارک میں ہونے والے پہلے میچ میں شین وارن واریئرز نے سچن بلاسٹرز کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔

سچن بلاسٹرز کی قیادت مایہ ناز بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر کر رہے ہیں اور ان کی ٹیم میں پاکستان کے فاسٹ باؤلر شعیب اختر سمیت مختلف ملکوں کے کھلاڑی شامل ہیں۔

سچن بلاسٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو جیت کے لیے 141 رنز کا ہدف دیا تھا جو وارن واریئرز نے چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

وارن کی ٹیم کی طرف سے رکی پونٹنگ نے 48 اور سنگاکارا نے 41 رنز اسکور کیے۔

سچن بلاسٹرز کی طرف سے شعیب اختر نے دو اور مرلی دھرن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل سچن بلاسٹر نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے جس میں وریندر سہواگ کے 55 اور کپتان ٹنڈولکر کے 26 شاندار رنز شامل تھے۔

وارن واریئرز کی طرف سے شین وارن اور اینڈریو سائمنڈز نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

شین وارن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دیگر دو میچوں میں سے ایک ہیوسٹن اور ایک لاس اینجلس میں کھیلا جائے گا۔