بھارت نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ میچوں کی ہوم سیریز کے پہلے میچ میں مہمان ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دیدی ہے۔
بھارتی ریاست اڑیسہ کے شہر کٹک میں منگل کو کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس کے جواب میں مہمان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان 211 رنز بنائے۔
جواباً بھارت نے مقررہ ہدف 5ء48 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
عالمی چیمپئن بھارت کو نسبتاً آسان ہدف تک پہنچنے میں خاصی دقت کا سامنا کرنا پڑا اورمیچ کے دوران وقفے وقفے سے اس کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔
سینتالیسویں اوور کے آغاز میں 201 کے مجموعی اسکور پر بھارت کے نو کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے اور میزبان ٹیم کو میچ جیتنے کے لیے 11 رنز درکار تھے۔
تاہم اس موقع پر وارون ارون اور امیش یادیو نے آخری وکٹ کی شراکت میں محتاط اور ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 49 ویں اوور کے اختتام پر مقررہ ہدف حاصل کرکے اپنی ٹیم کو فتح دلادی۔
بھارت کی جانب سے روہیت شرما 72 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمر روچ نے 46 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
آج کی فتح کے بعد بھارت کو پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ سیریز کا اگلا میچ جمعرات کو وشاکا پٹنم میں کھیلا جائے گا۔
اس سے قبل بھارت نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی 0-2 سے جیت لی تھی۔