پاکستان کے افتتاحی بلے باز محمد حفیظ جمعہ کو گال میں میزبان سری لنکا کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں اپنی قومی ٹیم کی کپتانی کریں گے۔
اُنھیں مصباح الحق کی جگہ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے جن پر سری لنکا کے خلاف پانچویں اور آخری ایک روزہ میچ میں اوورز کی سست رفتار شرح کی پاداش میں ایک میچ کی پابندی لگا دی گئی تھی۔
ایک روزہ میچوں کی سیریز میزبان ٹیم نے تین، ایک سے جیت لی تھی۔
اس دورے میں دو ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں محمد حفیظ پاکستانی ٹیم کی کپتانی کرچکے ہیں جو ایک ، ایک سے برابررہی تھی۔
اُنھوں نے اُمید ظاہر کی ہے کہ ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی حالیہ اچھی کارکردگی کا سلسلہ سری لنکا کے خلاف بھی جاری رہے گا۔
’’گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران اس ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ میں نہیں سمجھتا کہ مجھے اس ٹیم کے لیے کچھ خاص کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر آپ یاد کریں تو انگلینڈ کے خلاف سیریز بہت شاندار رہی تھی اور وہ اعتماد لازمی ہماری مدد کرے گا‘‘
پاکستان پچھلی چار ٹیسٹ سیریز جیت چکا ہے جس میں انگلینڈ کے خلاف تین، صفر سے کلین سویپ بھی شامل ہے۔
میزبان سری لنکا نے 2010 میں مایہ ناز سپن باؤلر مرلی دھرن کی ریٹائرمنٹ کے بعد سے کوئی ٹسیٹ سیریز نہیں جیتی ہے۔ اب تک سات میں سے چار میں اُسے شکست اور تین برابر رہی ہیں۔
تاہم سری لنکن کپتان جے وردنے کہتے ہیں کہ پاکستان کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز میں فتح نے اُن کی ٹیم کو اعتماد بخشا ہے۔ ’’یہ ایک بڑی نفسیاتی برتری ہے اور اب تک ٹیم نے پچھلے چھ ماہ میں جو کارنامے سرانجام دیے ہیں اس سے ہمیں یقیناً مدد ملے گی۔‘‘
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا کرکٹ ٹیسٹ کولمبو میں جبکہ تیسرا ٹیسٹ کینڈی کے پالیکیلے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔